فیس بک پر اب کسی کا مذاق اُڑانا مہنگا پڑ سکتا ہے،پالیسی مزید سخت

October 14, 2021

نیویارک (جنگ نیوز )سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے دوسروں بالخصوص معروف شخصیات کا مذاق اُڑانے اور ہراساں کیے جانے کے تدارک کے لیے پالیسی کو مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو سامنے آنے والے اعلان میں امریکی ٹیکنالوجی فرم نے ’مذاق اڑانے‘ اور ’ہراسیت‘ کے واقعات کی روک تھام کے لیے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے ان میں ایسے مواد اور اس کے پھیلانے میں ملوث اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا بھی شامل ہے۔

فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’ہماری متعارف کردہ پالیسی سے لوگوں کو ہجوم کی جانب سے ہراساں کیے جانے اور دھمکانے کا سدباب کیا جا سکے گا۔

نئی پالیسی کے تحت فیس بک ’عوامی شخصیات کو نشانہ بنانے والے نقصان دہ مواد کو نہ صرف ہٹائے گا بلکہ معروف افراد کو مزید حفاظتی ذرائع مہیا‘ کرے گا۔

ریاست کے مخالفین کو نشانہ بنانے والے نیٹ ورکس کو بھی اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس سے محروم کیا جائے گا۔