نوشہرہ سے حکمران جماعت کا صفایا ہو گیا، اختیار ولی خان

October 14, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات اور نوشہرہ سے صوبائی اسمبلی کے ممبر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ بار بار سیاسی وفاداریاں بدلنے ہر چڑھتے سورج کو پوجا کرنے اور غرور و تکبر کی وجہ سے ضلع نوشہرہ سے وفاقی وزیر پرویز خٹک کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر پرویز خٹک کے بھائی بھتیجے اور خاندان کے افراد بھی پرویز خٹک کے خلاف میدان میں نکل آئے ہیں۔ اختیار ولی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک کی طرف سے بھڑکیں ماری جا رہی تھی کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں لیکن پرویز خٹک کے اپنے حلقہ پی کے 63نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی الکشن میں سرکاری وسائل کے بےدریغ استعمال بجلی کے ٹرانسفارمزو بجلی کے پولوں کے ڈھیر لگانے اور ایک کروڑ روپے لگانے کے باوجود پی کے 63نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کے عبرتناک شکست سے وفاقی وزیر پرویز خٹک کی سیاست کا صفایا ہو گیا وفاقی وزیر پرویز خٹک کی عبرتناک شکست پر ضلع نوشہرہ اور پرویز خٹک کے آبائی علاقہ مانکی شریف میں جشن اور یوم نجات منایا گیا اختیار ولی خان نے کہا کہ ضلع نوشہرہ سے جھوٹ و منافقت کی سیاست کا صفایا ہو گیا ہے اب ضلع نوشہرہ میں خدمت کی سیاست کاراج ہو گا۔