کروز شپ منشیات کیس: آریان خان پر منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کا الزام

October 14, 2021

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی تیسری درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے ان پر منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی نے گزشتہ روز ممبئی سیشن کورٹ کو سماعت کے دوران بتایا کہ آریان خان مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث رہے ہیں ۔

شاہ رخ خان کے وکیل نے کہا کہ آریان خان کے پاس منشیات خریدنے کے لیے نقد رقم نہیں تھی ، اور نہ ہی ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئیں ، اور وہ کروز میں چھاپے کے دوران وہاں موجود بھی نہیں تھے۔

وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو کروز پر جانے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، آریان خان اور ارباز مرچنٹ جب انٹری گیٹ پر پہنچے تو این سی بی کا چھاپہ پہلے سے ہی جاری تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آریان خان کی درخواست ضمانت ایک دن کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔

عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی وجہ یہ تھی کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے وکیل اے ایس جی انیل کمار سنگھ کی جانب سے بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے تک دلائل مکمل نہیں کیے جاسکے تھے۔