اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی کے تحت احتجاجی تحریک کا آغاز

October 15, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اردو یونیورسٹی میں ڈپٹی چئیر سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر آفس پر قبضے کے خلاف اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی کی جانب سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی میں انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس، انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس، آفیسرز ویلفئیر ایسوسی ایشن، تحفظ حقوق ملازمین فورم اور انجمن غیر تدریسی ملازمین عبدالحق کیمپس شامل ہیں۔عبدالحق میں تقسیم ہونے پیمفلٹ میں یونیورسٹی میں آئینی و انتظامی بحران کے خاتمے، خودساختہ غیر قانونی نگران کی جانب سے وائس چانسلر دفتر پر قبضے اور اساتذہ اور عمال کی تمام ادائیگیاں فوری طور پر کرنے کے مطالبات شامل کئے گئے ہیں۔ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر اصغر دشتی نے اس موقع پر جاری ہونے والے بیان میں صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی سینیٹ کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے اور یونیورسٹی میں کسی سینیئر پروفیسر کو قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کیا جائے۔