اسٹاک مارکیٹ، دوسرے روز بھی تیزی، 488 پوائنٹس کا اضافہ

October 16, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج ، مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی منتخب خریداری سے مسلسل دوسرے روزبھی تیزی کا رجحان رہا،کے ایس ای100انڈیکس میں 488 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا ، 63.48فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ،سرمایہ کاری مالیت میں 47 ارب 28کروڑ 23لاکھ روپے کا اضافہ ہوا تاہم کاروباری حجم میں 13.96فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ،تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی چند بڑےسرمایہ کاروںکی سرگرمی اور منتخب خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان غالب رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 487.85پوائنٹس کے اضافے سے 44821.53پوائنٹس ہو گیا ، کے ایس ای30انڈیکس بھی 178.45پوائنٹس کے اضافے سے 17521.47پوائنٹس پر آگیا اور آل شیئرز انڈیکس 265.5پوائنٹس بڑھنے کے بعد 30770.14پوائنٹس پربند ہوا ،جمعہ کو مارکیٹ میں 356کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، 226 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،116 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 14 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،سرمایہ کاری مالیت 47 ارب 28کروڑ 23لاکھ 3ہزار روپے کے اضافے سے 7794ارب 92کروڑ 60لاکھ 67ہزار روپے ہو گئی ،تاہم منتخب خرید و فروخت کے باعث کاروباری حجم 5 کروڑ 42لاکھ 69ہزار شیئرز کی کمی سے 33 کروڑ 43 لاکھ 28ہزار شیئرز رہا، مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے سروس فیبرکس ، یونٹی فوڈ ،ورلڈ کال، ٹریٹ کارپوریشن ، اور بائیکو پیٹرولیم سر فہرست رہے۔