زلزلہ متاثرین کی بحالی تک خدمات جاری رکھیں گے‘ ڈاکٹر مشتاق

October 16, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ نقصان بہت زیادہ ہوا جبکہ لوگ کم آمدنی والے ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کی بحالی تک اپنی خدمات جاری رکھیں، مخیر حضرات متاثرین کے ریلیف کام میں ہمارا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمد کرد کے ہمراہ ہرنائی کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا ۔قبل ازیں مرکزی نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے صوبائی و ضلعی ٹیم کے ہمراہ زلزلہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے فاتحہ خوانی و تعزیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کا نام ہے ،ہم بلاتفریق رنگ ونسل ہر علاقے میں سب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں۔ ملک بھر سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں الخدمت کا نظم و رضاکار موجود ہے،الخدمت فاؤنڈیشن ہرنائی زلزلہ متاثرین کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں وریلیف کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ متاثرین کو راشن ، خیمے و دیگر اشیائے ضروریات کی فراہمی کیساتھ گھروں کی تعمیر میں بھی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ، میڈیکل ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں ریلیف ورک میں مصروف ہے،متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے ۔ نقصانات کے اندازہ لگانے کے لئے سروے، زخمیوں کے علاج اور فوری ضرورت کی چیزوں کی فراہمی کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کی صوبائی و ضلعی ٹیمیں اور رضاکار دن رات مصروف ہیں ۔ مخیر حضرات ، تاجر برادری اور فلاحی تنظیمیں الخدمت فاؤنڈیشن کیساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں ۔