عشرہ شان رحمت اللعالمینﷺ کے سلسلے میں تقریبات جاری

October 16, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر )عشرہ شان رحمت العالمینﷺ کے سلسلے میں ڈویژن بھر میں تقریبات جاری ہیں۔صنعت زار ملتان میں نبی پاکﷺ کی آمد کا جشن عقیدت و احترام سے منایاگیا۔میلاد مصطفیﷺ میں ممبر صوبائی اسمبلی سبین گل نے شرکت کی جبکہ خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔سنٹرل جیل، ڈسٹرکٹ جیل میں میلاد شریف کی پرنور محفل کا انعقاد کیا گیا اور قیدیوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلکس ای لائیبریری میں نعت کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں بچیوں، بچوں نے بھرپور انداز سے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر خالد جاوید وڑائچ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خواں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔شاہ رکن عالم کالج برائے خواتین میں درود و سلام اور نعت ہائے رسول مقبول ﷺ کی پرسوز آوازیں گونجتی رہیں۔ ورکنگ وومن ہاسٹل ملتان میں میلاد شریف کی محفل منعقد ہوئ جس میں ممبر صوبائی اسمبلی سبین گل اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین بارے نبی پاک ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئ۔میونسپل کمیٹی شجاع آباد میں سیرتﷺ کانفرنس کا انعقاد کر کے نبی کریمﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب کی ہدایت پر سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عشرہ رحمت العالمینﷺ کے سلسلے میں تمام محکمے نبی مہربان ﷺ کے یوم ولادت منانے میں بڑھ چڑھ کر شریک ہیں۔