ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے جیو نیوز نے اپنے پینل کا اعلان کردیا

October 16, 2021

جیو نیوز نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے دوران ایکسکلوسیو شوز کے لیے اسٹارز پر مشتمل پینل کا اعلان کردیا۔

اپنی نوعیت کے اس پہلے شو کے لیے لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق، جادوگر لیگ اسپنر مشتاق احمد، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نامور اسٹار سہیل تنویر، سکندر بخت، مرینہ اقبال اور توصیف احمد جیو نیوز کے پینل کا حصہ ہوں گے۔

ایونٹ کے دوران میچ سے قبل اور میچ کے بعد شوز کے دوران یہ مہمان جیو نیوز کے ساتھ ہوں گے، جہاں وہ میچ سے متعلق اپنی ماہرانہ رائے پیش کریں گے۔

اس حوالے سے انضمام الحق نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچز کے دوران میچ سے قبل اور میچ کے بعد اپنا ماہرانہ تبصرہ دیں گے۔

نامور اسپنر مشتاق احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیلی وژن کے اس سب سے بڑے پینل کا حصہ ہوں گے۔

مشتاق احمد نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران شوز میں نہ صرف پینلسٹس کے تبصرے ہوں گے بلکہ یہ انٹرٹینمنٹ سے بھی بھرپور ہوں گے۔