قانون سازی کررہے ہیں، ایس ایچ او بھی بی اے پاس ہوگا، فروغ نسیم

October 17, 2021

کراچی (اے پی پی، جنگ نیوز) وفاقی وزیربرائے قانون و انصاف سینیٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہاہے کہ قانون سازی کررہے ہیں کہ اب ایس ایچ او کیلئے بی اے پاس ہونا لازمی ہوگا،حکومت ملک میں منصفانہ انصاف کے نظام کیلئے فوجداری قوانین میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں ،اصلاحات کے بعد 9 ماہ میں مقدمے کا فیصلہ ہوسکے گا، پولیس اسٹیشن میں شکایت کنندہ کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائیگی تاکہ پولیس یا شکایت کنندہ کی طرف سے بیان میں کوئی ردو بدل نہ ہوسکے، ملک میں صحیح طریقے سے قانون کی حکمرانی کی نفاذ کیلئے منصفانہ اور درست نظام کا ہونا بہت اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایک مقامی ہوٹل میں فیڈرل سروس ٹریبونل کی چھٹی قومی جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فروغ نسیم نے کہا کہ مستقبل میں قانون میں اصلاحات کی وجہ سے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی)کے افسران بھی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی)کا حصہ ہونگے ۔