فصلوں کیلئے مشینی طریقہ فروغ دینا وقت کی ضروت ہے، حسین جہانیاں

October 18, 2021

ملتان ( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ باسمتی اقسام پنجاب کا طرۂ امتیاز ہے ہائبرڈ اقسام کی کاشت کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ زیادہ پیداوار حاصل کرکے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جاسکے۔فصلوں کی کاشت سے برداشت تک نقصانات کو کم کرنے کیلئے مشینی طریقہ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، امسال دھان کی بہتر پیداوار کاشتکاروں کیلئے خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گی کیونکہ چاول کی برآمدات 3 ارب ڈالرتک بڑھنے کی توقع ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبیروالا میں دھان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی باسمتی چاول اپنی خوشبو اور کوالٹی کی وجہ سے پوری دنیا میں پسند کیا جاتا ہے، امسال دھان کی فصل 53 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کی گئی ہے، زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے اس لئے وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت موجودہ مالی سال سے قریباً300 ارب روپے کے منصوبوں پرعملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی صوبہ پنجاب میں 4 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جس کے تحت دھان کے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج اور جدید زرعی مشینری سبسڈی پر دی جا رہی ہے،اس موقع پر وزیر زراعت نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ دھان کی کٹائی کے بعد مڈھوں کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس غیرقانونی عمل سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے جس سے صحتِ عامہ کے مسائل بڑھتے ہیں۔