شکیب الحسن ٹی 20میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے

October 18, 2021

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بولر شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے، یہ کارنامہ انہوں نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سرانجام دیا۔

چونتیس سالہ شکیب الحسن نے مسقط میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں لاستھ ملنگا کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

شکیب نے 89 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 108 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ لاستھ ملنگا کی ٹی ٹوئنٹی وکٹوں کی تعداد 107 تھی۔

ملنگا نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل گزشتہ سال مارچ میں کھیلا تھا جبکہ اس سال انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

موجودہ ورلڈ کپ میں شریک پلیئرز میں شکیب کے ریکارڈ کے قریب ترین نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی ہیں جنہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں 99 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افغانستان کے راشد خان کی مجموعی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد 95 ہے۔