• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں موسلا دھار بارش، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں

Heavy Rain In Quetta Roads Drowned In Water
کوئٹہ میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، بڑی بڑی گاڑیوں کا چلنا مشکل ہوگیا، موٹر سائیکلیں پانی میں پھنس گئیں، لوگ بارش کے بعد اپنے اپنے گھر پہنچنے کے لیے پریشان نظر آئے۔

پیدل چلنے والوں نے مدد کی، دھکے دیے تو کئی لوگ اس مشکل سے نکلے، سول اسپتال کے سرجیکل، آرتھوپیڈک اور میڈیکل وارڈ میں بھی برساتی پانی بھر گیا جسے سے مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں 60 ملی میٹر بارش ہوئی۔مون سون بادلوں نے کوئٹہ میں دھواں دھار انٹری دی، پہلے ٹھنڈی ٹھنڈی بوندیں پڑیں، پھر بادل مزید مہربان ہوئے، جم کر بارش برسائی، اولے بھی گرے۔

برستی بوندوں کی جلترنگ اور ننھے ننھے اولوں کے گرنے کی تڑتڑاہٹ آج دن بھر کوئٹہ کے شہریوں کے کانوں میں رس گھولتی رہیں۔

ژالہ باری کا منظر ایسا سہانا تھا جیسے آسمان سے موتی برس رہے ہوں اور ان برف کی سفید ڈلیاں زمین پر ایسے جمع ہوجاتیں جیسے موتیوں کے ڈھیر پڑے ہوں۔

دوپہر کے وقت پہلے ہلکی پھر موسلادھار بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکون کا سانس لیا،کالی گھٹائیں برسیں تو ہر منظر اجلا اور نکھرا ہوگیا، درخت ، پودے ہوں یا عمارات اور سڑکیں، ہر شے دھل کر چمک اٹھی۔

موسلا دھار بارش سے کچھ علاقوں میں بجلی جانے اور کہیں پانی جمع ہوجانے سے لوگوں کو تھوڑی بہت مشکلات بھی ہوئیں۔
تازہ ترین