• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرگی کے مریضوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوزکرگئی

The Number Of Patients With Epilepsy Exceed 20 Million
نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے صدر پروفیسرمحمد واسع شاکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مرگی کے مریضوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے اکثریت کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث معذوری اور غیر یقینی مستقبل کا سامناہے۔

بدقسمتی سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مرگی کے مرض پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہیں ، مرگی کے علاج کے لیے ادویات اکثر ناپید ہوجاتی ہیں جبکہ جو ادویات میسرہوتی ہیں ان کی قیمت انتہائی زیادہ ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ مرگی کے علاج کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔

وہ مرگی کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر دماغی امراض کے ماہر پروفیسر عارف ہریکر اور نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر عبد المالک بھی موجود تھے ۔

پروفیسر محمد واسع نے کہا کہ حکومتی بے حسی کے سبب مرگی قابل علاج ہونے کے باوجود اس سے متاثرہ افراد میں معذوری بڑھ رہی ہے اورمرگی سے متاثرہ افراد کی اکثریت موت کے منہ میں چلی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا جیسے ممالک کی حکومتوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس قائم کر لی ہیں،بھارت نے مرگی کے مریضوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنائے ہوئے ہیںتاکہ متاثرہ مریضوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے۔
تازہ ترین