• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی عزائم سے آگاہ ہیں:آرمی چیف

Aware Of Indian Intentions To Terrorize Pakistan Army Chief
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، بھارتی جاسوس کل بھوشن یادو اس کا واضح ثبوت ہے،اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جوانوں کو حکم دے دیا کہ بھارتی جارحیت کابھرپور جواب دیا جائے، پاک فوج ہر قسم کی بھارتی جارحیت سے پاکستانی اور کشمیری عوام کے تحفظ کی ذمے داری ادا کرے گی۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر مٹے والا ،مناور سیکٹر کا دورہ کیا، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا ،اس موقع پر آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ بھارتی کی جانب سے بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ پاک فوج کے جوان مادر وطن کے دفاع کےلیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے، بے لوث لگن کی وجہ سے جانے جاتے ہیں،پاک فوج کے جوان پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارت سیزفائر کی خلاف ورزیاں مذموم عزائم کی حامل ہیں، ایک جانب بھارتی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے اور دوسری جانب بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزیاں دہشت گردی اورعسکریت پسندی کے خلاف ہمارے ردعمل کو کم کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج بھارتی جارحیت کی ہرقسم سے پاکستانی اور کشمیری عوام کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔

آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہماری یکجہتی جاری رہے گی جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
تازہ ترین