• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سی ٹی ڈی نے 3 ملزمان گرفتار کر لیے

Ctd Arrests Three Accused From Karachi
کراچی کے علاقےجعفر طیار میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کر کےمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے جوائنٹ یونٹ انچارج سمیت 3ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ سہون دھماکے میں وہی گروپ ملوث لگتا ہے جو اس سے قبل خانپور اور شکارپور حملوں میں ملوث ہے ۔

خفیہ اطلاع ملی کہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا اسلحہ جعفر طیار سوسائٹی میں موجود ہے اور اسے چھپانے کیلئے قبرستان منتقل کیا جارہا ہے، اس کے بعد سی ٹی ڈی اہلکار برق رفتار سے حرکت میں آگئے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے اس حوالے سے بتایا کہ کارروائی میں جوائنٹ یونٹ انچارج انور حسین، آصف ممتاز اور خرم شہریار کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 6کلاشنکوف، ایک ایل ایم جی،6ریپیٹر، 5ٹی ٹی پستول، دو سیون ایم ایم رائفلز سمیت دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

سہون دھماکے کی تحقیقات سے متعلق ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کی دو ٹیمیں اس کی تحقیقات کر رہی ہیں ، جامشورو اور شکارپور سمیت سندھ کے دیگر حصوں میں چھاپے مارے گئے ہیں جبکہ پہلے سے گرفتار ملزمان سے تفتیش بھی کی جا رہی ہے، اب تک کی تحقیقات سے ایسا لگتا ہے کہ ماضی میں اندرون سندھ دہشت گردی میں ملوث حفیظ پندرانی نیٹ ورک ہی ان دھماکوں میں ملوث ہوسکتا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کا دائرہ کار بلوچستان کے علاقوں وڈھ ،مستونگ اور دیگر علاقوں میں پھیلا ہوا ہے اور سہون دھماکے کی کڑیاں بھی وہیں سے ملتی لگتی ہیں۔
تازہ ترین