• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے نئی کابینہ کا اعلان کردیا

British Prime Minister Theresa May Annouced New Cabinet

تھریسا مے نے نئی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نئی حکومت کے لیے "کنزرویٹو پارٹی کے کونے کونے سے" باصلاحیت افراد جمع کیے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی وزیرِاعظم تھریسا مے نے اپنی نئی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی موجودہ حکومت میں اہم وزارتوں پر تعینات وزرا میں سے بیشتر کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھا ہے۔

نئی کابینہ میں بورس جانسن وزیرِ خارجہ اور ڈیوڈ ڈیوس 'بریگزٹ کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔کنزرویٹو پارٹی کے یہ دونوں رہنما برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سرگرم حمایتی ہیں۔

گزشتہ سال تھریسا مے کے وزیرِاعظم بننے کے بعد ان کی جگہ وزارتِ داخلہ سنبھالنے والی امبر رڈ اور وزیرِ دفاع مائیکل فیلن بھی نئی حکومت میں اپنے اپنے عہدوں پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

سابق وزیر برائے پینشن ڈیمین گرین کو فرسٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نامزد کیا گیا ہے۔ برطانوی نظامِ حکومت میں یہ عہدہ نائب وزیرِاعظم کے برابر سمجھا جاتا ہے۔خزانہ کے سینئر وزیر ڈیوڈ گاوکی کو ڈیمین گرین کی جگہ ورکس اور پینشن کی وزارت سونپی گئی ہے جب کہ ہائوس آف کامنز میں کنزرویٹوز کے رہنما ڈیوڈ لڈنگٹن کو وزیرِانصاف مقرر کیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں نے نئی کابینہ میں مائیکل گوو کی وزیر برائے ماحولیات اور زراعت کے طور پر نامزدگی پر حیرت کا اظہار کیا ہے جنہیں گزشتہ سال تھریسا مے نے اختلافِ رائے پر کابینہ سے نکال دیا تھا۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران اس سوال پر کہ آیا وہ صرف عبوری رہنما کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں، برطانوی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران واضح کرچکی ہیں کہ اگر وہ منتخب ہوگئیں تو وہ پوری مدت کے لیے وزیرِاعظم رہیں گی۔

 

تازہ ترین