• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ احمد پور شرقیہ ،ٹینکر ڈرائیورسمیت مزید 2 افراد دم توڑ گئے

Ahmedpur Sharqia Incident 2 More Died Including Tanker Driver

سانحہ احمد پور شرقیہ میں زخمی ہونے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور سمیت مزید دوافراددم توڑ گئے، جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 164ہوگئی ۔

حکومت پنجاب کی جانب سے شناخت ہونے والے جاں بحق 26 افراد کے ورثاء میں 20-20 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کردیے گئے۔

گزشتہ روز ناقابل شناخت 125 میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ کےبعد مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی تھی۔

ملتان کے نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں 41 مریض اب بھی زیرعلاج ہیں۔

گزشتہ روز بہاول وکٹوریہ اسپتال میں موجود ناقابل شناخت 125 میتوں کو بستی رمضان جوئیہ لایا گیا، جہاں اجتماعی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،نماز جنازہ کے بعد تمام میتوں کی بستی نظیر آباد کے قبرستان میں تدفین کردی گئی۔

ان ناقابل شناخت میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے، جس کے تحت ہر تابوت پر ڈی این اے ٹیسٹ نمونے کے مطابق نمبرز لگائے اور انہی نمبروں کے تحت قبریں بنائی گئیں تاکہ رپورٹ آنے کے بعد ان نمبروں سے لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کو شناخت کرسکیں ۔

گزشتہ روز ہی مقدمے میں نامزد آئل ٹینکر کے ڈرائیور گل محمد نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیاتھا جو شدید زخمی ہونے کے باعث برن یونٹ میں زیرعلاج تھا، تاہم وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

بہاولپور میں وزیر مملکت برائے تعلیم و داخلہ بلیغ الرحمٰن اور حکمران جماعت کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سانحہ احمد پور شرقیہ کے 26جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں حکومت پنجاب کی طرف سے بیس بیس لاکھ روپے کے چیک تقسیم کر رہے ہیں۔

تازہ ترین