• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے تعلیمی اداروں میں طلباء کا ہرسال خون ٹیسٹ کا فیصلہ

Sindh Govt Decides To Start Blood Screening Of All Students In Educational Institutions

سندھ حکومت نے اسکول کے طلباء کی صحت کے مسائل کے تدارک کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں موجود سرکاری اور نجی شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام طالب علموں کا سال میں ایک مرتبہ بلڈ ٹیسٹ لیاجائے۔

یہ فیصلہ آج وزیر اعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) میجر جنرل مسرت نواز ملک کے ساتھ وزیر اعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہدپرویز،وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت اور کمانڈر اے این ایف کراچی نورالحسن بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیڈرل کپیٹل کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی جانب سے منشیات کے استعمال سے متعلق نیوز رپورٹس سامنے آنے پر انہیں سندھ کے ہاسٹل میں رہنے والے اور تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے بارے میں تشویش پیدا ہوگئی ہے ۔

انہوں نے ڈی جی اے این ایف سے کہا کہ میں چاہتاہوں کہ آپ اس ناسور کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت کی مدد کریں ۔ ڈی جی اےاین ایف نے کہا کہ انہیں بھی اس مسئلہ سے متعلق تشویش ہے اور فورس نے اس پر کام شروع کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اے این ایف کو اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے جس کے لیے آپ (وزیر اعلیٰ)کی رہنمائی اور جہاں پر ضرورت ہو منظوری کی، اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہم پر اعتماد کرسکتے ہیں اور اے این ایف حوصلہ افزاء اور بہترین نتائج دے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے ڈرگ مافیا کے خلاف پہلے ہی ایک ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیاہواہے۔ اے این ایف شہر میں منشیات کی فراہمی میں ملوث منظم گینگز کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کی مدد کرے، جب یہ (ڈرگ مافیا)بغیر چیک ہوئے نقل و حمل کرتے ہیں تو یہ ہرجگہ پھیل جاتے ہیں یہاں تک کہ تعلیمی اداروں میں بھی ۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نگرانی کا ایک مضبوط میکینزم ہونا چاہیے جس کے لیے پولیس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اے این ایف کے ساتھ ہر ممکن مدد اور تعاون کرے گی۔اس موقع پر  سرکاری اور نجی شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا ءکے بلڈ ٹیسٹ کرنے کے متعلق بھی غور کیا گیا کیونکہ یہ ایک نہایت اہمیت کا معاملہ ہے اس سے ان کے صحت کے مسائل پر نگاہ رکھنے میں مدد ملے گی۔

حکومت سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ نجی شعبے کے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ سال میں ایک مرتبہ ہر ایک طالب علم کے بلڈ ٹیسٹ کی ایک پالیسی متعارف کرائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پالیسی کی بدولت تمام اقسام کی بیماریاں بشمول ہپاٹائٹس وغیرہ پر قابوپانے پر بھی مدد ملے گی۔ ڈی جی اے این ایف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بے نظیر بھٹو شہید ماڈل ایڈیکشن اینڈ ٹریٹمنٹ سینٹر (ایم اے ٹی آر سی) لیاری جوکہ سندھ حکومت نے 6ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے  کے افتتاح کی دعوت دی جوکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے قبول کرلی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سکھر میں ایم اے ٹی آر سی کے قیام کے لیے اے این ایف کو عمارت کی فراہمی کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی جی اے این ایف کے مشورے پر سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو کو ہدایت کی کہ وہ ہر ایک ضلعی اسپتال میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کے لیے 10 بستروں کی سہولت فراہم کریں۔
سید مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اے این ایف کو مواچھ ضلع غربی میں پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے 10 ایکڑ زمین کی فراہمی کا اہتمام کریں۔ان کا کہناتھا حیدرآباد میں بھی اے این ایف کو اپنے پولیس اسٹیشن کے لیے اسی طرح کی زمین درکار ہے۔

حیدرآباد میں کالعدم ایس آر ٹی سی کے ایک پورشن کی نشاندہی کی گئی جس کے لیے وزیرا علیٰ سندھ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت کو ہدایت کی کہ وہ اے این ایف کو جگہ کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ رابطہ کریں ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز کو بھی ہدایت کی کہ وہ  شہر میں ڈرگ مافیا کے خلاف بھر پور آپریشن کےلیے پولیس ، اے این ایف  اور ایکسائز کے محکموں کے مابین روابط کو مستحکم بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں انہیں (ڈرگ مافیا) کو اپنے معصوم طلباء اور بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا۔

یہ ہمارا مستقبل ہیں اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم انہیں ہر قسم کی برائیوں سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے اس حوالے سے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں ۔

تازہ ترین