• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن پاکستان اور بھارت میں امن لانے کا ذریعہ بن سکتا ہے،عدنان صدیقی

Art Become A Source Of Peace In Pakistan And India

عدنان صدیقی کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ میں فلم ʼموم کے ساتھ رواں سال ڈیبیو کیا، جس میں ان کی بہترین اداکاری نے بھارتی شائقین کو بھی کافی متاثر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عدنان صدیقی نے فلم ʼموم کو ملنے والے ردعمل اور پاک بھارت تعلقات پر بات کی۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ʼاچھا کام ہر جگہ پسند کیا جاتا ہے، پاکستان میں لوگوں کو فلم موم بےحد پسند آئی اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ یہاں کے فنکاروں نے بھارت کے ساتھ مل کر کام کیا۔

جس طرح ماہرہ خان اور فواد خان اپنی فلموں ʼرئیس اور ʼاے دل ہے مشکل کی بھارت میں تشہیر نہیں کرپائے تھے، اسی طرح عدنان صدیقی اور سجل علی بھی وہاں جاکر اپنی فلم ʼموم کی تشہیر کا حصہ نہیں بن پائے۔

اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ ʼظاہر ہے دکھ تو ہوتا ہے جب آپ کسی ایسے پروجیکٹ کی پروموشن نہ کرپائے جس کو بنانے میں آپ نے اتنے دن لگادیے ہوں، لیکن اس بات سے بھی سکون ملا کے فلم کی پروموشن صحیح لوگوں نے صحیح انداز میں کی، جیسے سری دیوی، نوازالدین صدیقی اور اکشے کھنہ نے سب کچھ بہترین انداز میں کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ʼدونوں ممالک کے فنکار اس صورتحال سے کافی متاثر ہوئے، دونوں ممالک کی سیاست کسی بھی رُخ جائے لیکن ان کے عوام ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں، جب یہ سینما میں ٹکٹ خریدنے جاتے تو پاسپورٹ نہیں دیکھا جاتا فلم دیکھی جاتی ہے۔

عدنان صدیقی کا ماننا ہے کہ فن پاکستان اور بھارت میں امن لانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

تازہ ترین