• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Holidays Deeply Belong To Sound Sleep

اگر آپ چین کی نیند سونا چاہتے ہیں تو اس میں کام سے چھٹیاں آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ ایک نئی تحقیق میں نیند اور چھٹیوں کا تعلق سامنے آیا ہے۔

روز مرہ کے کاموں کی بھاگ دوڑ کے بعد انسان کو جب چھٹیاں ملتی ہیں تو وہ خوشی کے باعث پھولا نہیں سماتا ہے، سب سے پہلے چھٹیوں میں ہر کوئی اپنی نیند کی فکر کرتا ہے اور ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ لمبی اور پر سکون نیند لے کر اٹھے۔

چھٹیوں میں کسی بھی نئی جگہ پر جاکر نیند کا معمول ایک نئے طریقے سے بنایا جاسکتا ہے تاکہ گھر کی واپسی پر نیا معمول آپ کی نیند میں مشکلات پیدا نہ کرے۔

نیند کے معمول کا صحیح طریقے سے تعین کرنا نہ صرف دماغی صحت کے لیے مؤثر ہے بلکہ پوری جسمانی قوت کو بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

آج کل سب سے زیادہ نیند کی شکایت کا سامنا نوجوانوں کو ہے، کسی کو نیند کم آتی ہے تو کسی کو نہیں آتی، کسی کو دیر سے آتی ہے تو کوئی بہت دیر تک لمبی نیند لے کر بھی سست رہتا ہے لیکن ان سب سے چھٹکارہ ماہرین نے آسان کردیا ہے۔

اسمارٹ فون رکھنے والے لوگ سوشل میڈیا کا خوب استعمال کرتے ہیں اس لیے کئی تحقیق سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا ہےکہ سونے سے پہلے لیپ ٹاپ، موبائلز، آئی پیڈ اور آئی فون کا زیادہ استعمال نہ صرف آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے نیند میں بھی خلل آتا ہے۔

ماہرین کے مطابق موبائل فون کی اسکرین سے میلاٹونن جاری ہوتا ہے جس سے آپ کے اونگھ لانے والے ہارمونز متاثر ہوتے ہیں، اس سے نہ صرف نیند کی مقدار کم ہوتی ہے بلکہ اچھی نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی نیند کے لیے سونے سے 2 گھنٹے سوشل میڈیا کے استعمال سے گریز کیا جائے، اس کے بجائے کتابوں یا دیگر کوئی ایسی سرگرمیوں کا انتخاب کیا جائے جو کہ آپ کی نیند لانے میں مددگار ثابت ہوں۔

تحقیق کے مطابق جسمانی ورزش رات کی نیند کے لیے انتہائی مؤثر ہے،اگر آپ چھٹیوں پر روزانہ چہل قدمی، دوڑ، تیراکی یا دیگر ورزشوں کا انتخاب کریں تو یہ آپ کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوگا اور آپ کی رات دیر سے نیند آنے کی شکایت بھی دور ہوجائے گی۔

چھٹیوں پر ایسے مقامات کا انتخاب کیا جائے جہاں ماحول خوشگوار ہو، آپ ایسی جگہ جائیں جہاں آپ کو آرام دہ بستر میسر ہو تاکہ آپ اپنی نیند کے معمول کو درست کرسکیں۔

اچھی نیند کے لیے کمرے کی روشنی کو مدھم کردیا جائے، پنکھے یا اے سی کو نارمل درجہ حرارت پر رکھا جائے، کمرے کا دروازہ بند کرکے پر سکون ماحول میں نیند لینے کی عادت ڈالی جائے تاکہ چھٹیوں کے اختتام پر جب گھر جایا جائے تو اسی معمول اور عادات کو اپنایا جائے تاکہ اچھی نیند فراہم ہوسکے۔

ماہرین کے مطابق دوپہر 1 سے 3 بجے کے درمیان 15 سے 30 منٹ کی مختصر نیند لینا جسمانی قوت کو دن بھر ترو تازہ رکھنے کے لیے کافی ہے۔

سمندر کے کنارے یا سوئمنگ پول پر آرام کرنے سے بہت زیادہ سکون ملتا ہے جس سے دماغی تھکن بھی دور ہوجاتی ہے اور پھر نیند آنے لگتی ہے۔

قیلولے کے وقت کو مختصر رکھنا چاہیے کیونکہ دوپہر کے اوقات میں چھوٹے وقفے کی نیند بہتر ہے، دن میں بہت لمبی نیند لینے سے رات کی نیند متاثر ہوجاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق جلدی سونا اور جلدی اٹھنا صحت کے لیے انتہائی مفید ہے،اس سے جسمانی اعضاء بھی بہتر طور پر کام کرتے ہیں، دن بھر کے کاموں کے باعث اکثر رات کو جلدی سونے میں دیر ہوجاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ جلدی سونے کی عادت کو اپنانے کے لیے چھٹیوں کا وقت سب سے بہترین اور مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

چھٹیوں میں جلدی سونے کی عادت ہوجائے تو جلدی اٹھنے کی عادت بھی بن جاتی ہے پھر کسی الارم کی مدد کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔

ماہرین کے مطابق اگر ان تمام عادات کی چھٹیوں میں پابندی کر لی جائے تو اس سے صحت تندرست اور توانا رہے گی اور صحت کی تندرستی کا انحصار پر سکون نیند پر ہی مبنی ہوتا ہے۔

تازہ ترین