• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں ڈینگی بے قابو، متاثرین کی تعداد 800 سے بڑھ گئی

Over 800 Hundred People Affected By Dengue In Peshawar

پشاور میں ڈینگی مچھر بے قابو ہوگیا، ڈینگی وائرس تہکال کے بعد پشت خرہ، سفیدی ڈھیری اور اچینی پایاں تک پھیل گیا، متاثرہ افراد کی تعداد 8سو سے تجاوز کر گئی۔

ڈینگی کے 130افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں،ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات نہ کرنے پر تہکال میں لوگوں نے صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کیا، گوعمران گو کے نعرے لگائے ۔

خیبر پختون خوا بالخصوص پشاور اور اس کے گرد و نواح میں ڈینگی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے پر عوامی نمائندے صوبائی حکومت پربرس پڑے ۔

پشاور کے عوامی نمائندوں نے ڈینگی کے خلاف شہباز شریف سے مدد مانگ لی ،وزیر اعلیٰ پنجاب سے ڈاکٹروں کی ٹیم خیبر پختون خوا بھیجنے کی اپیل کردی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو خیبر پختون خوا حکومت سے رابطے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے خیبر پختون خوا کی مدد کے لیے تیار ہیں،پنجاب حکومت ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔

خیبر پختون خوا میں چار سال سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، 2011ء میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پنجاب میں ڈینگی پھیلنے پر شریف برادران کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

ادھر محکمہ صحت خیبر پختون خوا نے ڈینگی کے مرض کی تشخیص اسلام آباد کے بجائے صوبے میں شروع کردی، اس سلسلے میں اسپتالوں کو آلات فراہم کردیے گئے ہیں۔

خیبرپختون میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اسلام آباد بھیجے جاتے تھے، اس کی وجہ سے مرض کی بروقت تشخیص ممکن نہ تھی، تاہم اب اسپتالوں کو فراہم کیے گئے جدید آلات سے مرض کی فوری تشخیص ہوسکے گی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خیبر پختون خوا کا بیڑا غرق کر دیا، اسپتالوں میں نہ دوائیں ہیں نہ بستر۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بہت دعوے کرتے ہیں کہ صوبے میں صحت کا نظام ٹھیک کیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے بیڑا غرق کردیا ہے۔

تازہ ترین