• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیانا ڈی کروز کی اپنی خفیہ شادی پر لب کشائی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ الیانا ڈی کروز نے اپنی خفیہ شادی کی خبروں پر لب کشائی کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اداکارہ الیانا ڈی کروز نے مائیکل ڈولن سے شادی کی تصدیق کردی ہے۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنی نجی زندگی سے متعلق بات کی اور بتایا کہ مائیکل ڈولن اور بیٹے کے ساتھ ان کی زندگی کیسی گزر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شادی شدہ زندگی بہت خوبصورت گزر رہی ہے۔ گوکہ انہوں نے اپنے شوہر کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کیں لیکن انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر شوہر کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ الیانا ڈی کروز کے ہاں اگست 2023 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے کوا فینکس ڈولن رکھا تھا۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے مائیکل ڈولن سے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ ان کی شادی امریکا میں مقیم مائیکل ڈولن سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ان کی فلم دو اور دو پیار ریلیز ہوئی ہے، جس میں ودیا بالن، پراتیک گاندھی، سیندھل راما مورتی بھی شامل تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید