• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ،سستےبازار میں تقریبا ایک ہزار اسٹال جل کرراکھ

Fire Under Control In Islamabad

اسلام آباد میں کچرے میں لگائی گئی آگ سستے بازار تک پہنچ گئی، تقریبا ایک ہزار اسٹال جل کرراکھ ہوگئے ۔

اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے سستے بازار میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ کوڑا کرکٹ ضائع کرنے کیلئےآگ لگائی گئی جو تیز ہوا کے باعث پھیلی اور اس نے سستے بازا کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابوپایا۔

ڈپٹی میئر اسلام آباد نے بازار کے متاثرین کو مالی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بازار بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے آتشزدگی سے متاثرہ سستے بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت اور امدادی کاموں میں تاخیر انتہائی قابل مذمت ہے،آتشزدگی کے گھنٹوں بعد بھی عوام اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے،انتہائی ناکافی عملہ اور آگ بجھانے کا سامان بھجوا کر مایوس کن غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات اور مالی نقصان کےتخمینےکے لئے کمیٹی کی تشکیل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسد عمر نے تحریک انصاف کی جانب سے متاثرین کے ساتھ مکمل ہمدردی اوریکجہتی کا اظہارکیا۔

تازہ ترین