• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئٹر پر دہشت گردوں سے منسلک 3 لاکھ اکاؤنٹس بند

3 Million Accounts Linked To Terrorists On Twitter Band

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے دہشت گردوں سے منسلک 3 لاکھ ٹوئٹر اکاؤنٹس بند کردیئے ہیں ۔یہ اکاؤنٹس دنیا بھر کے ملکوں کی جانب سے آن لائن دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجےمیں کئے گئے۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق اس نے اپنی ویب سائٹ پرایک ٹول مزید بہتر بنایا ہے جس نے عالمی سطح پر دہشت گردوں یا ان کے کارندوں سے منسلک 3 لاکھ اکاؤنٹ بند کرنے میں زبردست مدد فراہم کی اور تقریباً 95 فیصد اکاؤنٹ اسی ٹول کی مدد سے بند کیے گئے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کے اس وقت پوری دنیا میں 32 کروڑ 80 لاکھ صارفین موجودہ ہیں جن میں سے تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ صارفین صرف امریکا میں ہیں۔

فیس بک اور یو ٹیوب کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر بھی ایسا ٹول بنا رہا ہے جس کی مدد سے فوری طور پر پریشان کن مواد کی نشاندہی کی جاسکے گی اور اسے بند کیا جاسکے گا۔

اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے پاس تقریباً 7 ہزار 500 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہے جو اس نیٹ ورک پر آنے والے مواد کو دیکھتا ہے اور اس کے خلاف مواد جاری کرتا ہے۔

ٹوئٹر نے رواں برس ایسے 75 فیصد اکاؤنٹ بلاک کیے جن کی نشاندہی پیغام پہنچانے سے پہلے کی گئی جبکہ اگست 2015 سے لے کر اب تک 9 لاکھ 35 ہزار 8 سو 97 اکاؤنٹ بند کیے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر رواں برس بند کیے گئے۔

گذشتہ برس ٹوئٹر نے یورپی ممالک سے معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق وہ نسل پرستی اور اشتعال انگیز مواد پر رپورٹ کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے اس مواد کو ختم کر دے گا۔

تازہ ترین