• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انضمام الحق نے سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیدیا

Inzimam Ul Haq Offered Return Salman But In Team

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے اوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ کی جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا عندیا دے دیا۔

سابق کپتان سلمان بٹ 2010ءمیں دورہ انگلینڈ کے دوران اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے گزشتہ 7 برس سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں۔

سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے 5 سالہ پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد گزشتہ برس جنوری میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی تھی۔

انہوں نے نیشنل ون ڈے کپ میں سنچری سے کم بیک کیا تھا اور ٹورنامنٹ میں وہ زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

انضمام الحق نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سلمان بٹ کی فارم اور فٹنس متاثر کن ہے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہائی پرفارمنس کیمپ میں بھی سلمان بٹ نے شاندار پرفارم کیا اور انہوں نے کرکٹ میدانوں سے دور رہنے کے باوجود جس طرح سے اپنی فٹنس کو برقرار رکھا وہ قابل ستائش ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی پر غور ضرور کر رہے ہیں تاہم انہیں براہ راست انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے منتخب نہیں کریں گے، پہلے اے ٹیم کے ساتھ ان کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے پھر کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

سلمان بٹ کو 33 ٹیسٹ 78 ون ڈے اور 24 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ٹیسٹ میں 3 سنچریوں کی مدد سے 1889، ون ڈے میں 8 سنچریوں کی مدد سے 2725 اور ٹی ٹونٹی میں 595 رنز بنا رکھے ہیں۔

تازہ ترین