• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلوں اورججوں کو متنازع بنانے کی کوشش ہورہی ہے، فواد چودھری

The Efforts To Make Judges Controversial Fawad Chaudhary

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ فیصلوں اور ججوں کو جس طرح متنازع بنانے کی کوشش ہورہی ہے وہ ناقابل قبول ہے،احتساب عدالت میں مقدمات اچھے طریقے سے چل رہے ہیں جس پر ہمیں بہت اطمینان ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ شریف خاندان پر لندن فلیٹس پر فرد جرم عائد ہوگئی ہے، سب سے زیادہ اہم پاپا نوازشریف ہیں کیونکہ اصل میں پاپی پاپا ہیں، عدالت میں ثابت ہوا اور فرد جرم عائد ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت میں مقدمات اچھے طریقے سے چل رہے ہیں جس پر ہمیں بہت اطمینان ہے، یہ لوگ کہتے ہیں کہ اقامے پر نکالا لیکن یہ نہیں بتاتے کہ اقامہ کس کا تھا، اقامہ کیپٹل ایف زیڈ ای کا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ابھی تک جے آئی ٹی کی رپورٹ کا والیم ٹین نہیں کھلا، جب والیم ٹین کھلے گا تو ہمیں نہیں پتا کہ شریف خاندان نے کون کون سے ممالک میں کاروبار کیا۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاناما کیس میں دیگر 400 لوگوں کے بھی نام ہیں، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور نیب بتائیں کیا ان کے لیے بھی ایک تحریک چلانی پڑے گی، کیا پاکستان ایک بنانا ری پبلک ہے جہاں ہر کام کے لیے شہر بند یا احتجاج کرنا پڑے، کیوں ادارے اپنا کام کرنے کو تیار نہیں اور باقی لوگوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں جو کیسز زیر التوا ہیں ان پر کارروائی بہت سست ہے لہٰذا احتساب کے عمل کے لیے ضروری ہےکہ ان مقدمات پر کارروائی تیز کی جائے۔

فواد چودھری نے کہا کہ فیصلوں اور ججوں کو جس طرح متنازع بنانے کی کوشش ہورہی ہے وہ ناقابل قبول ہے۔

عمران خان اور جہانگیر ترین کے مقدمات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا مقدمہ بھی اختتام پر ہے، یہ مقدمات اپنے میرٹ پر اگلے ہفتے تک ختم ہوجائیں گے۔

تازہ ترین