• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی پر تنقید

Nawaz Sharifs Criticism Of Ppp Pti

سابق وزیراعظم نوازشریف نے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی پر جم کر تنقید کی اورکہا کہ پی ٹی آئی فاشسٹ اور غیر جمہوری جماعت ہے ،جسے جمہوریت چھوکر بھی نہیں گزری،پیپلز پارٹی کا آمر کے قانون کو تحفظ دینا افسوسناک ہے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ میں آج بھی میثاق جمہوریت پر قائم ہوں،جمہوریت کے لئے آصف زرداری سمیت کسی سے بھی ہاتھ ملانے کے لئے تیار ہیں،پہلے کوئی این آر او کیا اور نہ آئندہ کریں گے ۔

احتساب عدالت کے دہرے معیار کا شکوہ بھی کرتے ہوئےانہوںنے کہا کہ ان کے فیصلے جلد آجاتے ہیں، عمران خان ،جہانگیر ترین اور علیم خان کی کرپشن کے فیصلے نہ جانے کب آئیں گے؟

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ کل جو تصویر پیپلزپارٹی کی دیکھی اس پر یقین نہیں آرہا، کچھ لوگ کل ایوان میں نہیں آئے ، معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی فاشسٹ قسم کی پارٹی ہے ،جو الزام اور گالی کی سیاست کررہی ہے ،ایسی پارٹیوں کی طرف دیکھتا بھی نہیں ،پی ٹی آئی قوم کا کلچر تباہ کررہی ہے،ہم ایسانہیں ہونے دیں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ وقت بڑابدل گیاہے، وہ وقت نہیں رہا جو پہلے ہوا کرتا تھا،جو لوگ اصولوں پر کھڑے رہتے ہیں وہ کبھی ناکام نہیں رہتے،میری جدوجہد پاکستان کے لئے ہے،ہروہ کام کروں گا جس سے ملک بہتر ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ میری نااہلی ختم کرنے والا بل نہیں پاکستان کو آگے لے جانے والا بل ہے،مردم شماری سے متعلق حلقہ بندیوں کا بل پہلے دن ہی پاس ہوجانا چاہیے تھا، پتہ نہیں کیوں اس بل پر تحفظات سے کام لیاگیا۔

تازہ ترین