• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی بحریہ کا طیارہ بحیرہ فلپائن میں گرکر تباہ

جاپان میں امریکی بحریہ کا طیارہ سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا،تاہم طیارے میں موجود8 افراد کو بچا لیا گیا ۔یہ طیارہ، یو ایس ایس رونالڈ ریگن کی جانب جارہا تھا لیکن اس پر اترنے سے پہلے ہی سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا طیارے میں 11 افراد سوار تھے۔

US-Plane-Crashed222

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فوجی طیارہ سمندر میں موجود امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس رونالڈ ریگن کی جانب جارہا تھا لیکن اس پر اترنے سے پہلے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ رونالڈ ریگن فلپائنی سمندر میں گشت پر مامورہے۔

امریکی حکام نے بتایا کہ طیارے کو حادثہ انجن کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔امریکی بحریہ کے ایک بیان کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کا طبی معائنہ کیا جائے گا اور اس سے ان کی صحت کا پتا چل سکے گا۔

البتہ انھوں نے طیارے میں سوار تین افراد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ٹوکیو میں جاپان کے وزیر دفاع ایتسنوری اونوڈیرا نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ طیارے میں سوار افراد کو نکالنے کے لیے سمندر میں تلاش اور ریسکیو کی کارروائی جاری ہے۔تاہم فوری طور پر یہ اطلاع نہیں ملی ہے کہ کس قسم کے طیارے کو یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

اس وقت یو ایس ایس رونالڈ ریگن پر 60 سے زیادہ طیارے اور ہیلی کاپٹرز موجود ہیں۔ان میں ٹرانسپورٹ اور لڑاکا طیارے دونوں شامل ہیں۔واضح رہے کہ بحر الکاہل کے مغربی حصے میں جاپان اور جنوبی کوریا کی ساحلی حدود میں امریکی فوجیوں کی بڑی تعداد بھاری فوجی مشینری سمیت موجود ہے۔

حالیہ مہینوں کے دوران مشرقی ایشیا میں امریکا کے بحری جہازوں کو متعدد حادثات پیش آچکے ہیں۔اگست میں طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جان ایس مکین سنگاپور کے پانیوں میں تیل کے ایک ٹینکر سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں دس سیلر ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔

جون میں یو ایس ایس فٹز جیرالڈ کاجاپان کے پانیوں میں ایک مال بردار جہاز سے تصادم ہوگیا تھا ۔اس حادثے میں سات سیلرز ہلاک ہوگئے تھے۔

تازہ ترین