• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ہوئی مدت کہ غالب مر گیا ،پر یاد آتا ہے‘اردوزبان کے عظیم ترین شاعراسداللہ خان غالب اگر آج ہوتے تو اپنی 220 ویں سالگرہ منارہے ہوتے۔

آپ کے والد کا نام عبداللہ بیگ تھا۔ 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں آپ کی پیدائش ہوئی اور پانچ سال کی عمر میں والد کےفوت ہوجانے کے بعدآپ کی پرورش چچا نے کی تاہم چارسال بعد چچا کا سایہ بھی آپ کے سر سے اٹھ گیا۔

Ghalib_L5

غالب شروع میں فارسی میں شاعری کرتے تھے اوراُس زمانے میں ’’اسد‘‘ ان کا تخلص تھاتاہم آگرہ سے دہلی آبسنے کے بعد انہوں نے اردو میں بھی شاعری کی۔

مرزاغالب کا خاص کمال یہ تھا کہ وہ زندگی کی سچائی اورانسان کی نفسیات کو گہرائی میں جاکر اور بڑی سادگی سے عام لوگوں کے لیے اپنے اشعار میں بیان کردیتے تھے۔

اگر یہ کہا جائے کہ آپ پہلے شاعر تھے جنھوں نے اردو شاعری کو ذہن عطا کیاتو یہ کہنا غلط نہیں ہوگا۔

Ghalib_L3

غالب کی شاعری کا مجموعہ انسان اوراِرد گرد کےماحول کے مسائل اور ساتھ ساتھ محبت اور زندگی سے وابستگی بھی بڑی شدت سے محسوس ہوتی ہےلہٰذاانہی سب عنوانات کی بدولت اردو شاعری کو وسعت ملی ہے۔اس کی ایک مثال کچھ یوں ہے کہ:

بازیچۂ اطفال ہے دنیا مرے آگے
ہوتا ہے شب و روز تماشا مرے آگے

اک کھیل ہے اورنگ سلیماں میرے نزدیک
اک بات ہے اعجاز مسیحا مرے آگے

جز نام نہیں صورت عالم مجھے منظور
جز وہم نہیں ہستی اشیا مرے آگے

ہوتا ہے نہاں گرد میں صحرا مرے ہوتے
گھستا ہے جبیں خاک پہ دریا مرے آگے

مت پوچھ کہ کیا حال ہے میرا ترے پیچھے
تو دیکھ کہ کیا رنگ ہے تیرا مرے آگے

سچ کہتے ہو خودبین و خود آرا ہوں نہ کیوں ہوں
بیٹھا ہے بت آئنہ سیما مرے آگے

پھر دیکھیے انداز گل افشانیٔ گفتار
رکھ دے کوئی پیمانۂ صہبا مرے آگے

نفرت کا گماں گزرے ہے میں رشک سے گزرا
کیوں کر کہوں لو نام نہ ان کا مرے آگے

ایماں مجھے روکے ہے جو کھینچے ہے مجھے کفر
کعبہ مرے پیچھے ہے کلیسا مرے آگے

عاشق ہوں پہ معشوق فریبی ہے مرا کام
مجنوں کو برا کہتی ہے لیلیٰ میرے آگے

خوش ہوتے ہیں پر وصل میں یوں مر نہیں جاتے
آئی شب ہجراں کی تمنا مرے آگے

ہے موجزن اک قلزم خوں کاش یہی ہو
آتا ہے ابھی دیکھیے کیا کیا مرے آگے

گو ہاتھ کو جنبش نہیں آنکھوں میں تو دم ہے
رہنے دو ابھی ساغر و مینا مرے آگے

ہم پیشہ و ہم مشرب و ہم راز ہے میرا
غالبؔ کو برا کیوں کہو اچھا مرے آگے

 

Ghalib_L2

آپ پر کافی فلمیں بھی بنائی گئی جیسا کہ 1954 میں فلم ’مرزا غالب‘ بنی جس کا اہم کردار بھرت بھوشن نے ادا کیا۔ بھارتی حکومت نے قومی بہترین فلم اعزاز کا سلسلہ اسی سال سے شروع کیا اور پہلا ایوارڈ اسی فلم کو دیا گیا۔

سن1988 میں فلمی شاعر اور بھارتی ادیب و دانشور گلزار نے بھی ’مرزا غالب ‘ کے نام سے ایک ٹی وی سیریل بنایا جس میں غالب کا کردار نصیر الدین شاہ نے ادا کیا تھا۔

Ghalib_L4

غالب پرآج تک بے شمار کتابیں لکھی گئیں جن میں ’دیوان ِ غالب‘،’آپ کے خطوط‘،’شرح دیوانِ غالب‘، ’کلیات مکتوبات ِ فارسی غالب‘ وغیرہ شامل ہیں۔

مرزا غالب اردو شاعری کا ایسا اثاثہ تھے جو ساری زندگی’ خرچ‘ کرنے پر بھی شاید ختم نہ ہو۔

ان کی شاعرانہ عظمت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گوگل نے آج ان کے نام سے ’ڈوڈل ‘تخلیق کیا ہے۔

ghalib-doodle

غالب 15 فروری 1869 کو دہلی میں جہانِ فانی سے کوچ کرگئے لیکن جب تک اردو زندہ ہے ان کا نام بھی قائم و دائم رہے گا۔

تازہ ترین