• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی: آتش بازی کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 17افراد ہلاک

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی غیرقانونی فیکٹری میں آگ لگنے سے 17افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے۔مرنے والوں میں آٹھ خواتین اور 2بچے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ بعض افراد فیکٹری میں پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کے باوانا انڈسٹریل ایریا میں واقع فیکٹری میں آگ ہفتے کی شام لگی،فیکٹری مالکان نے پلاسٹک پروڈکٹس کی تیاری کا لائسنس لے رکھا تھا جبکہ وہاں آتش بازی کا سامان تیار کیا جارہا ہے۔

فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ آتش بازی کا سامان بنانے کے لئے استعمال ہونے والافاسفورس ممکنہ طور پر آگ لگنے کی وجہ ہوسکتا ہے۔

فائرسروس چیف کا کا کہنا تھا کہ شام ساڑھے چھ بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی اور فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ روانہ کیا گیا لیکن آگ بہت تیزی کے ساتھ پھیلی جس پر20فائرٹینڈرز نے چار گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ایک شخص کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئےہلاک افراد کےلیے 5اور زخمیوں کیلئے ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ 2ماہ کے دوران آگ لگنے کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے اس سے قبل گزشتہ ماہ ممبئی میں آتشزدگی کے 2 مختلف واقعات میں خواتین سمیت 26افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تازہ ترین