• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات میں امپائر کی انگلی والوں کے ڈبے خالی نکلیں گے، نواز شریف

سابق وزیراعظم اور حکمران جماعت ن لیگ سربراہ نوازشریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں امپائر کی انگلی والوں کے ڈبے خالی نکلیں گے۔

شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب میں نوازشریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں نے ملک کو اندھیرے میں ڈالا ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کو ختم کیا ۔

ان کا کہناتھاکہ نوازشریف کبھی بھی عوام کو مایوس نہیں کرے گا ،آج شیخوپورہ والوں نے شاندار استقبال کرکے مجھے اپنے قدموں میں بٹھالیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے مجمعے سے استفسار کیا کہ کیا نااہل وزیراعظم کا اتنا ہی شاندار استقبال کیا جاتا ہے ؟ کیا میں نااہل ہوں یا نہیں ہوں؟جس پر جواب آیا نہیں۔

نوازشریف نےیہ بھی کہا کہ مجھے نااہل کردیا گیا ،5سال پورے نہیں کرنے دیے گئے،1990ء میں 2سال اور 1997ء میں 3سال بعد نکال دیا گیا ،قوم 70برس کا حساب لے گی،نوازشریف کسی سے نہیں ڈرتا ،عوام کی خدمت کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے شہبازشریف کو ریکارڈ ترقیاتی کام کرانے کا کریڈٹ دیا اور کہا کہ وہ قابل مبارکباد ہیں،سندھ اور خیبرپختونخوا کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی پڑی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی اور امپائر کی انگلی اٹھنے کی بات کرنے والوںکو خدا حافظ کہہ دیا ،نوازشریف عوام کے ساتھ مل کر تاریخ بدلے گا،70سال سے جو ہورہا ہے ،اس سے ملک کو انتہائی خطرات لاحق ہوجائیں گے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ اگر آپ لوگ ترقی ، امن ،صفائی ، یونیورسٹیاں ،اسپتال چاہتے ہیں تو ووٹ کو عزت دیں، کسی کو جرات نہ ہو کہ وہ ووٹ کے تقدس کو روندے،سب کو اس کا احترام کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم نےیہ بھی کہا کہ یہ منظورنہیں کہ 22کروڑعوام ایک شخص کووزیراعظم منتخب کریں اور چندلوگ اسےگھربھیج دیں،کوئی ثابت کردےکہ نوازشریف نے50روپےسے 5ہزار تک کی رشوت لی ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ جنہوں نے مجھے نااہل قراردیا ہے ان سے 2018ء میں بدلہ لینا ہے، آپ کا نوازشریف دوبارہ آکر پہلے سے زیادہ عوام کی خدمت کرےگا۔

تازہ ترین