• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ’اپنا ‘ نارتھ ٹیکساس کی جانب سے سالانہ ڈنر گالا اور سالانہ اجلاس ڈیلس کے شہرسائوتھ لیک ٹیکساس میں منعقد کیا گیا، ڈنر گالا تقریب میں امریکی کانگریس کے رکن مارک ویسی مہمان خصوصی تھے جبکہ نارتھ ٹیکساس میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں اور ان کی فیملیوں نے بھی اس تقریب میں بھر پور طریقے سے شرکت کی۔

کانگریس کے رکن مارک ویسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنا‘کی جانب سے امریکہ بھر میں بالعموم اور ڈیلس فورٹ ورتھ میں بالخصوصی عوام کو صحت اور مفت موبائل کلینک کے مشترکہ منصوبے کے تحت بھر پور طبی سہولیات کی فراہمی کا کام انتہائی قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ انتخاب میں رہنے والے لوگوں کی بڑی تعداد بغیر انشورنس کی حامل ہے اور امریکہ بھر میں کسی بھی حلقے میںان کا حلقہ اس حوالے سے سر فہرست ہے، جس میں سب سے زیادہ بغیر انشورنس اورغیر قانونی تارکین وطن آباد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اپنا‘ کی جانب سے ان کے علاقے میں مفت کلینک، جس میں ذہنی امراض سمیت موبائل کلینک، وہاں مقیم آبادی کیلئے ایک بڑی مدد فراہم کرنے میں مددگار ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں رہنےوالے تارکین وطن کو ملک کی پالیسیاں بہتر بنانے کیلئے اپنی سیاسی مصروفیات پر زور دینا ہو گا اور اس کے ذریعے ہی حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

کانگریس مین مارک ویسی نے کشمیر میں انسانی حقوق کے حوالے سے ہونے والی پامالیوں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اسکے پر امن حل پر زور دیا۔انہوں نے اس ضمن میں صحت کی دیکھ بھال اوررسائی کے لئے اپنی مدد کی بھی پیشکش کی۔

اپنا نارتھ ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر عاصم نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اپنا فری میڈیکل موبائل کلینک اکنا کےاشتراک کے ساتھ ڈیلس فورٹ ورتھ میں اپنا خدمات سر انجام دینے کا پروگرام مرتب کررہا ہے۔

اپنا سالانہ گالا کے پروگرام میں ڈاکٹروں اور ان کی فیملیوں سمیت ہیوسٹں، سسنین انٹینو لولیک سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اوران کی فیملیوں نےبھی شرکت کی، جبکہ بومائونٹ سے معروف کمیونٹی رہنما طاہر جاوید بھی خصوصی طور پر اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اکنا کی جانب سے نمائندگی ڈاکٹر عزیز اور ڈاکٹر بلال پراچہ نے کی۔

اس موقع پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ڈاکٹر پرویز رحمٰن کو دیا گیا جبکہ ڈاکٹر محمد عاصم سابق صدر اپنا نارتھ ٹیکساس کو بھی ایوارڈ دیا گیا، پروگرام کے آخرمیں محفل موسیقی کا رنگارنگ پروگرام مرتب کیا گیا، جس میں معروف گلوکار علی پرویز مہندی نے اپنے بھر پور فن کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی ڈیلس کی دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین