• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی قیدی کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی،دفتر خارجہ

Indian Prisoner Died Of Heart Attack Foreign Office
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارتی قیدی کرپال سنگھ کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی، اُس کی لاش بھارت بھیجنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کرپال سنگھ کی موت کو شکوک و شبہات یا کسی ساز ش کا رنگ دینا مناسب نہیں، اس طرح کے ہزاروں واقعات روزانہ ہوتے ہیں۔

بھارتی قیدی کرپال سنگھ کی موت حرکت قلب بند ہونے سے واقع ہوئی، اسے اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں رکھا گیا ، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا، کرپال سنگھ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمر قید اور سزائے موت دی تھی، ہم نے یہ اطلاعات اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن تک پہنچا دی ہیں، کرپال سنگھ کی میت بھارت بھجوانے کے حوالے سے وزارت داخلہ اور بھارتی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا تھا کہ را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے تفتیش کا عمل جاری ہے جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز اقدامات لے رہی ہیں،اس سے تحقیقات ، یا تفتیش جاری ہے، جیسے جیسے چیزیں سامنے آرہی ہیں، ان کے مطابق ہماری سیکورٹی فورسز اقدامات لے رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے اعلیٰ سطح پر یہ عزم دہرایا گیا ہےکہ ایران اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یمن میں پاکستانی سفارت خانہ بند ہے، پاکستانی شہری یمن، شام اور لیبیا کا سفر کرنے سے اجتناب کریں، سفری ہدایت نامہ ان ممالک کی سیکورٹی صورت حال کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے مظالم پر تشویش ہے۔
تازہ ترین