• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادرا سرجری میں عوام کا مکمل خیال رکھا جائے، معظم احمد خان

کوونٹری ( وقار ملک) کوونٹری سٹی میں نادرا سرجری کا اہتمام کیا گیا، مسلم ریسورس سنٹر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی نادرا سرجری سے 120 سے زائد افراد مستفید ہوئے جنہیں ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کی گئی، اس موقع پر ہائی کمشنر لندن معظم خان نے نادرا سرجری سے متعلق ٹیلی فون پر معلومات حاصل اور ہدایات جاری کیں کہ حکومت کی بتائی ہوئی پالیسی کے تحت عوام کا بھرپور خیال رکھا جائے، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی دہلیز ہر سہولت فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ،نادرا کے ذریعے اوورسیز کمیونٹی کے کارڈز ہر شہر میں بنوانے کی سہولت موجود ہے جب کہ قونصلیٹس ہمہ تن عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، شکایت کی صورت میں ہر شخص اپنی متعلقہ قونصلیٹ میں رابطہ کر سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ کمیونٹی کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا، اصل توجہ اوورسیز کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ملک کے ساتھ جڑے رہیں۔ دریں اثناء نادرا کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن محمد فہیم خان نے نادرا سرجری سے متعلق کہا کہ ہر شخص کو نادرا کی سہولت حاصل کرنے کا حق حاصل ہے ،سینٹر میں جتنے اوورسیز نادرا کارڈ کے حصول کے لیے تشریف لا چکے انھیں مایوس نہ کیا جائے، محمد فہیم نے ٹیلی فون کے ذریعے نادرا انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ ہر درخواست گزارکی پوری مدد کریں، کیونکہ نادرا کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے اوریہ ہی مقصد حکومت کا ہے حکومت چاہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ملک سے قریب کیا جائے، انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے ،نادرا ٹیم کو عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہو گا۔ وائس قونصل جنرل برمنگھم سردار خٹک نے ٹیلی فون کے ذریعے نادرا سرجری کو بہتر انداز میں کرنے اور عوام کو بھرپور مدد فراہم کرنے کے لیے نادرا ٹیم کو ہدایات جاری کیں، سنٹر میں موجود افراد نے ہائی کمشنر معظم خان اور نادرا کے ڈائریکٹر جنرل کی عوام کے مسائل اور معاملات میں دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ چھٹی کے دن بھی عوام کا خیال رکھنا اور ان کی مشکلات پر نظر رکھناتحفہ ہے جن کی بدولت ہماری سوہنی دھرتی قائم و دائم ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مسلم ریسورس سنٹر کے منیجر چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ برمنگھم قونصلیٹ کے ذریعے عوام کو دہلیز پر سہولت فراہم کرنا خوش آئند ہے۔ سنٹر کے رہنما راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سنٹر میں نادرا کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی جو خوش آئند ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ سرجری کا اہتمام ہر تین ماہ بعد کیا جائے، انھوں نے کہا کہ کوونٹری میں نادرا سرجری صرف کوونٹری کے عوام کے لیے ہی کی جائے تاکہ مقامی لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں لیکن کوونٹری کی سرجری میں برطانیہ کے دور دراز کے علاقوں سے بھی لوگوں نے فائدہ اٹھایا جس سے کوونٹری کے عوام کی حق تلفی ہوتی ہے ،انھوں نے مشورہ دیا کہ جس شہر میں نادرا سرجری ہو اسی شہر کے لوگوں کو سہولت فراہم کی جائے جب کہ نادرا سرجری سے مستفید ہونے والے اوورسیز پاکستانیوں نے انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور نادرا ڈی جی محمد فہیم اور ہائی کمشنر لندن معظم خان کی خصوصی دلچسپی پر انھیں خراج تحسین پیش کیا، ممتاز کشمیری سدھن کمیونٹی رہنما سردار نذیر نے کہا کہ ہفتے کے دن نادرا سرجری اور ہائی کمشنر سمیت نادرا ڈی جی کا فون آنا اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دینے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے افسران مخلص اور دیانت دار ہیں جو عوام کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالنا چاہتے ہیں۔ 
تازہ ترین