پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے یا نہیں مگر حکومت کو گھر پیپلز پارٹی ہی بھیجے گی۔
سینیٹر مولا بخش چانڈیو سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف تحریک مسلسل جاری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، حکومت عوام دشمن اقدامات کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی، عوام دشمن حکومت جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف تحریک مسلسل جاری ہے، حقیقی اپوزیشن کا کردار پیپلز پارٹی ہی ادا کر رہی ہے۔