کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹی وی و سوشل میڈیا اسٹار وقار ذکا نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہوجائیں۔وقار ذکا نے 22 اکتوبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں شاہ رخ خان کو مینشن کرتے ہوئے انہیں ’سر‘ بھی لکھا۔وقار ذکا نے شاہ رخ خان کو مشورہ دیا کہ وہ بھارت چھوڑکر اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آجائیں۔وقار ذکاءنے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مینشن کیا اور شاہ رخ خان کو یاد دلایا کہ نریندر مودی کی حکومت ان کے خاندان کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک ایسے وقت میں ٹوئٹ کی ہے جب شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان تین اکتوبر سے جیل میں ہیں، انہیں انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ مذکورہ معاملے کو نارکوٹکس فورس کی پھرتیاں کہ رہے ہیں۔وقار ذکا کی جانب سے شاہ رخ خان کو بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہونے کے مشورے پر کئی لوگوں نے کمنٹس کیے اور جہاں کچھ افراد نے ان کی رائے سے اتفاق کیا۔تاہم چند صارفین نے کہا کہ اگر وہ پاکستان آئے تو انہیں فلمیں ملنا تو دور کی بات، انہیں پورے پروڈیوسرز مل کر بھی خرید نہیں سکتے، بعض نے کہا کہ شاہ رخ خان پاکستان نہیں آئے گا بلکہ کسی ترقی یافتہ ملک جائے گا۔بعض صارفین نے انہیں یاد دلایا کہ ان سے قبل سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک بھی ماضی میں شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کا مشورہ دے چکے ہیں، جس پر بولی وڈ اداکار معذرت کرکے اپنے ملک بھارت میں رہنے کی بات کر چکے ہیں۔