• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر میں ملزم نے شہری کو باتوں میں لگاکر اس کے اکاؤنٹ سے دو لاکھ روپے نکال لیے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سکھر  میں کارروائی کے دوران اے ٹی ایم  بوتھ میں کارڈ اور معلومات چوری کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم نے شہری کے اکاؤنٹ سے دو لاکھ روپے نکالے تھے۔

 ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے سکھر میں دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایک ملزم نے شہری کے اکاؤنٹ سے پیسے نکالے جبکہ دوسرا ملزم لڑکی کو بلیک میل کرنے میں ملوث تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشین میں اپنے ساتھ کسی کو داخل نہیں ہونے دیں، اے ٹی ایم بوتھ میں کارڈ اور معلومات چوری کرنے والے ملزم  کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ  ملزم نے شہری کو باتوں میں لگاکر کارڈ چوری کیا اور پاسورڈ بھی حاصل کرلیا، پاسورڈ حاصل کرنے کے بعد ملزم نے شہری کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرلیے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ رقم ٹرانسفر کا شہری کو علم ہوا تو شہری نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو اطلاع دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ  دوسری کارروائی میں لڑکی کو بلیک میل کرنے والے ملزم عطاء اللّٰہ مگسی کو گرفتار کرلیا گیا، دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین