• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ میرب علی نے اپنی اور گلوکار عاصم اظہر سے متعلق زیرِ گردش افواہوں سے متعلق وضاحت دے دی۔

میرب علی نے حال ہی میں ایک ویب شو کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنے اور عاصم اظہر سے متعلق افواہوں پر گفتگو کی۔


میزبان نے اداکارہ سے پوچھا کہ اکثر سوشل میڈیا پر عاصم اظہر اور آپ کے تعلق کے بارے میں کئی سوالات سامنے آتے ہیں تو آپ اُن کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گی۔

اس پر میرب علی نے کہا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ میں اور عاصم آپس میں کزن ہیں لیکن ایسا نہیں ہے اور نہ ہی ہم سوتیلے بہن بھائی ہیں۔‘

میرب علی نے کہا کہ ’یہ خبریں بھی سُننے کو ملیں کہ عاصم اظہر میری دوسری امّی کے بیٹے ہیں۔‘

اداکارہ نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’میری کوئی دوسری امّی نہیں ہیں، میری صرف ایک امّی اور ابّو ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عاصم اور میری فیملی کے کافی اچھے تعلقات قائم ہیں اور بچپن سے ہی ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا ہے۔‘

میرب علی نے مزید کہا کہ ’میری اور عاصم کی والدہ آپس میں اچھی دوستیں ہیں جبکہ میرا بھائی عاصم کا بیسٹ فرینڈ ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی کی خبریں وائرل ہو رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں میں کہا جارہا تھا کہ عاصم اظہر اور میرب علی نے ایک نجی تقریب کے دوران خاموشی سے منگنی کر لی ہے۔

کہا جا رہا تھا کہ عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کی تقریب میں اُن کے اہلِ خانہ اور چند عزیزوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین