• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز کشمیری اور پاکستانی بلا تنخواہ سفیر ہیں ،چوہدری عظیم بخش

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) بہترین عوامی و فلاحی خدمت سیاست کو عبادت کے درجے پر فائز کرتی ہے، سیاست میں اصول و کردار کا مثالی ہونا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار برٹش پاکستانی چوہدری عظیم بخش نے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عظیم بخش کا مزید کہنا تھا کہ والد محترم کی وجہ سے حصول کاروبار کے لیے پاکستان روانہ ہوا تھا۔ کامیاب تجارت کے ساتھ اب سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور آتے ہی سابق وزیر اعظم کے بیٹے کے مقابلے میں لوگوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا مجھے اس پر فخر ہے اور اب پانچ سال حلقے میں قیام کر کے آئندہ انتخابات میں عوامی حمایت سے تاریخ ساز کامیابی حاصل کروں گا۔ سابق امیدوار اسمبلی آزاد جموں و کشمیر حلقہ 2 چک سواری اسلام گڑھ چوہدری عظیم بخش نے کہا کہ سیاست مشکل کام ہے، لوگوں نے سیاست کو کمائی اور کمیشن کا دھندہ بنا رکھا ہے، میں سیاست میں عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔ میرے حلقہ انتخاب میں عوام کا استحصال کیا گیا، نوکریاں نیلام کی گئیں، اقربا پروری کوفروغ دیا گیا۔جاگیرداروں اور ٹھیکیداروں نے سیاست کو گندا کیا۔ میں سیاست میں باعزت، بااصول اور باکردار رہنا چاہتا ہوں ، عوام کے دکھ درد کو محسوس کرتا ہوں اور اپنی عوام کے دکھوں کا مداواکرنا چاہتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی چوہدری فضل احمد،چوہدری ہارون احمد اور چوہدری کامران احمد فیض پور شریف کی جانب سے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ اپنے اعزاز میں دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری و پاکستانی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، تارکین وطن ہمارے ملک کے بلاتنخواہ سپاہی اور سفیر ہیں۔استقبالیہ تقریب میں میزبان محفل چوہدری ہارون احمد،برٹش پاکستانی فورم کے چیئرمین اعجاز صدیقی،مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر رہنما چوہدری اسلم آزاد،کشمیری رہنما چوہدری منظور گوفا،معروف قانون دان زاہد چوہدری،چچا چوہدری امین اور اسرارعلی چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں چوہدری محمد یونس،بیرسٹر نثار چوہدری، چوہدری عبیر احمد،چوہدری کبیر احمد،محمد عامرو دیگر نے شرکت کی۔
تازہ ترین