کراچی سینٹرل کے علاقے لیاقت آباد میں واقع ایک گھر میں پراسرار طور پر آگ لگنے سے جھلس کر 32 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کی 3 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ لیاقت آباد میں ڈاک خانہ چوک کے قریب اعظم نگر میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گھر کا مالک شکیل صبح کام پر چلا گیا تھا، اس کی 32 سالہ اہلیہ عظمیٰ 3 سالہ بچی کہکشاں کے ساتھ گھر میں سو رہی تھی کہ پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس سے ماں بیٹی شدید جھلس گئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں برنس سینٹر کے عملے نے 32 سالہ عظمیٰ شکیل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ 3 سالہ بچی کہکشاں کو اسپتال داخل کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم طلب کر لی گئی ہے۔