• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، فضل الرحمان


اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قوم 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں 23 مارچ کے مہنگائی مارچ میں پوری قوت کے ساتھ شریک ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں حکمران جماعت کی شکست اپوزیشن کی فتح ہے، عوام اب اس حکومت کو مزید قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، اس بلدیاتی الیکشن میں ’وہ‘ غیر جانبدار لگے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی حکمران جماعت کا اس سے بھی برا حال ہوگا، عوام کی حقیقی رائے اب سب کے سامنے آ رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مہنگائی مارچ کی تیاریوں کے لیے کام کیاجائے، ناجائز، نااہل حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، ہمارا مطالبہ جنرل الیکشن کا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ غریب آدمی اپنے بچے گھروں میں قتل کردیتے ہیں، بچوں کی بھوک دیکھی نہیں جاتی، غریب آدمی کے لیے موت آسان، زندگی مشکل ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا ایک مرحلہ مکمل ہوچکا، جس میں حکمراں جماعت کو شکست ہوئی، بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی کو زیادہ ووٹ ملنا اپوزیشن کی فتح ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کامیاب تجربہ ثابت ہوا، عوام کے جذبات کی ترجمانی کی، اگلے مرحلے میں بھی حکمراں جماعت کا اس سے برا حشر ہوگا، قوم ثابت کرے گی پچھلے الیکشن میں اس کی کامیابی جعلی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں منی بجٹ لایا گیا، اس پر کوئی بحث نہیں ہوئی، بغیر بحث کے منی بجٹ کا معاملہ بلڈوز کیا گیا، موجودہ صورتحال سے نکلنا اب پوری قوم کی ذمہ داری بن چکی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے حکومت پاکستان کو قرض نہیں دیا، جتنے بھی قرض لیے گئے وہ کمرشل بینکوں سے لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کی سوچ پی ڈی ایم کی طرح ہی ہے، پی پی کو کبھی اپنا مخالف نہیں سمجھا، وہ ہمارا حصہ نہیں لیکن پارلیمنٹ میں ہمارے ساتھ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید