• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوں تو کیک کسی بھی موقعے پر بنایا اور کھایا جاسکتا ہے، لیکن کسی ایونٹ کی مناسبت سے تیار ہو تو لُطف دوبالا ہوجاتا ہے۔ اگر آپ کا نئے سال میں کسی کی دعوت کرنے یا دعوت پر جانے کا ارادہ ہے، تو ان مواقع کے لیے ہماری طرف سے کیکس کی کچھ منفرد تراکیب حاضر ہیں۔

……چاکلیٹ چپ کیک……

اجزاء: میدہ تین کپ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دودھ سوا کپ، مکھن ایک تہائی کپ، چینی حسبِ ضرورت، چاکلیٹ چِپ ایک کپ، انڈے(سفیدی اور زردی الگ الگ پھینٹ لیں) چار عدد، ونیلا ایسینس چند قطرے اور نمک آدھا چمچ۔

ونیلا گلیز(Vanilla Gglaze)کے اجزاء اور ترکیب:

چینی ڈیڑھ کپ، مکھن ایک چمچ، ونیلا ایک کھانے کا چمچ اور دودھ چار کھانے کے چمچ۔ ایک باؤل میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے رکھ دیں۔

ترکیب: ایک الگ باؤل میں مکھن اور چینی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھر اس میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر، نمک اور دودھ ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے ونیلا ایسینس، چاکلیٹ چپ اور سفیدی شامل کردیں۔ اب یہ آمیزہ اچھی طرح مِکس کرکے گریسڈ اور فلورڈ بنٹ پین میں ڈال کر 180سینٹی گریڈ پر 50منٹ کے لیے بیک کریں۔بعد ازاں، قدرے ٹھنڈا ہونے پر سرونگ پلیٹر میں نکال کرونیلا گلیز سے سجاوٹ کرلیں اور فریج میں رکھ دیں۔

……ریڈ ویلویٹ کپ کیک……

اجزاء: میدہ دو کپ، کوکو پاؤڈر دو چائے کے چمچ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، بیکنگ سوڈا ایک چائے کا چمچ، نمک آدھا چائے کا چمچ، بٹر ملک ایک کپ، لال رنگ ایک کھانے کا چمچ، سفید سرکہ ایک کھانے کا چمچ، ونیلا ایسینس ایک کھانے کا چمچ، مکھن ایک تہائی کپ، چینی ایک کپ اور انڈے دو عدد۔

کریم چیز کے اجزاء اور ترکیب: کریم چیز چار کھانے کے چمچ، مکھن آدھا کپ، آئسنگ شوگر چار کھانے کے چمچ اور ونیلا ایسینس آدھا چائے کا چمچ۔ تمام اجزاء باؤل میں ڈال کر اچھی طرح بیٹ کرکے رکھ دیں۔

ترکیب: ایک باؤل میں میدہ، کوکو پاؤڈر، بیکنگ پاؤڈر، سوڈا اور نمک ایک ساتھ چھان لیں۔ اب اس میں بٹر ملک، لال رنگ، سفید سرکہ اور ونیلا ایسینس ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں۔ پھر ایک الگ باؤل میں مکھن اور چینی ڈال کر الیکٹرک بیٹر سے خُوب اچھی طرح بیٹ کریں۔

جب تمام اجزاء یک جان ہوجائیں،تو بیٹ کرتےہوئے ایک ایک کرکے انڈے شامل کریں۔ اس کے بعد تھوڑا تھوڑا کر کے میدہ مِکس کریں۔ اب مکسچر، مفن ٹرے میں رکھ کر سانچوں میں بَھر دیں ۔اس کے بعد پہلے سے 180سینٹی گریڈ پر گرم اوون میں 20 سے 25 منٹ تک بیک کرلیں۔ بعد ازاں، کریم چیز سےسجا دیں۔

……شکرقندی کیک……

اجزاء: شکر قندی(دھو کر اُبال لیں ) آدھا کلو، دودھ تین چوتھائی پیالی، چینی (پیس لیں) حسبِ ذائقہ، انڈے دو عدد،میدہ (چھان لیں)دو پیالی،چھوٹی الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ ،دار چینی پاؤڈر آدھا چائے چمچ، بیکنگ پاؤڈر دو چائے کے چمچ،بادام، پستہ(باریک کترلیں) حسبِ ضرورت، ناریل(پیس لیں) ایک چوتھائی پیالی اورتیل تین سے چا کھانے کے چمچ۔

ترکیب: پہلےشکر قندی میش کرکے رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک باؤل میں میدہ ، بیکنگ پاؤڈر اور دار چینی ڈال مِکس کرلیں۔ اب الگ پیالے میں تیل اور چینی مِکس کرکے پھینٹ لیں۔ اس کے بعد پہلے انڈے کی سفیدی الیکٹرک بیٹر سے پھینٹیں اور سخت ہونے پر زردی مِکس کرکے مزید پھینٹ لیں۔ اب اس میں میدے والا آمیزہ، شکر قندی اور الائچی پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں۔اس کے بعد اوون180سینٹی گریڈ ڈگری پر پندرہ سے بیس منٹ کے لیے گرم کرلیں۔ بعد ازاں، مکسچر کیک پین میں ڈال کر اوون میں رکھ کر ایک گھنٹے کےلیے بیک کرلیں۔ (شاہین فہد، اسلام آباد)

سنڈے میگزین سے مزید