• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی پر ظلم، ایم کیو ایم، پی پی اور پی ٹی آئی نے مل کر کیا، جماعت اسلامی، آج شارع فیصل پر دھرنا ہوگا


کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف سندھ اسمبلی کے سامنے جاری دھرنے کے سولہویں روز عوامی شرکت اور جوش و خروش میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،دھرنے میں مختلف سیاسی،سماجی سمیت مختلف وفود نے شرکت کی۔ضلع شرقی سے آنے والے قافلے ابوالحسن اصفہانی روڈ،جوہر چورنگی، موسمیات یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر،شبیر احمد عثمانی روڈ،بیت المکرم مسجدسمیت مختلف چورنگیوں پر دھرنا دیتے ہوئے اسمبلی پہنچے،امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اتوار16جنوری کو 3بجے دن شاہراہ فیصل احتجاجی مارچ اور دھرنا دیا جائے گا،تمام اضلاع سے قافلوں کی صورت میں شاہراہ فیصل پہنچیں گے۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کے سولہویں روز دھرنے کے شرکاء اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی حق تلفی اور اس کے ساتھ ظلم و زیادتی میں ایم کیو ایم،پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی سمیت تمام حکومتی جماعتیں شامل ہیں،کوٹہ سسٹم کے غیر معینہ مدت تک کے اضافے اور جعلی مردم شماری کی منظوری پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر دی،کراچی کی مردم شماری میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں کو گناہی نہیں گیا،سندھ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے جاگیر دار اور وڈیرے دیہی سندھ کے بعدکراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی کی جدوجہد وڈیرہ اور شاہی اور جاگیرداری ذہنیت کے خلاف ہے۔ہماری جدوجہد،عوامی حقوق کی تحریک اور تمام مطالبات جائز،آئینی اور قانونی ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں میگاسٹی گورنمنٹ قائم کی جائے،دیہی و شہری آبادی میں یکساں تناسب سے نئی حلقہ بندیاں کی جائیں،بین الاقوامی طرزکا ٹرانسپورٹ کا نظام دیا جائے،شہر میں میئر،ڈپٹی میئر،کونسل کے ممبران کا براہ راست انتخاب کیا جائے،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا نگراں بااختیار میئر کو بنایا جائے،بااختیار شہری حکومت کے ماتحت صحت،تعلیم، اسپورٹس، سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کا مربوط نظام بنایا جائے، کے ڈی اے،ایس بی سی اے،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سٹی پولیس وٹریفک پولیس سمیت بلدیاتی اداروں میگاسٹی گورنمنٹ کے تحت کیے جائیں،کوٹہ سسٹم ختم اورنئی مردم شماری ڈی فیکٹو کی بجائے ڈی جور طریقے سے کی جائے۔دھرنے کے 16ویں روز اسمبلی کے باہر چترال سے جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل کراچی کے حقوق کی جدو جہد پر میں جماعت اسلامی کی پوری ٹیم اور کارکنوں کو خراج تحیسن پیش کرنا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید