• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل7: بابر اعظم کے ناقابل شکست 90 رنز رائیگاں، پشاور 9 رنز سے فاتح


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 11ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 9 رنز سے ہرادیا اور ایونٹ میں دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ایونٹ میں اپنی پہلی فتح کے لیے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نےمقررہ 20 اوورز میں173 رنز بنائے اور 174رنز کا ہدف دیا، تاہم کراچی کنگز کپتان بابر اعظم کی 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے باوجود 9 رنز سے ہار گئی۔

میچ کے اختتام تک ایک اینڈ بابراعظم نے سنبھالے رکھا اور آخری اوور میں 4 چوکے بھی لگائے تاہم تیسری وکٹ پر کک بین کے ساتھ 74 رنز کی شراکت کے سوا کوئی اور بڑی پارٹنر شپ نہ بن سکی یوں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 164 رنز بناسکی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 173 رنز بنائے، اننگز میں شعیب ملک 28 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

زلمی کی طرف سے حضرت اللّٰہ زازئی 41، بین کٹنگ 24 اور کامران اکمل 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کراچی کی طرف سے عمید آصف نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک وکٹ عامر یامین کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل کپتان بابراعظم اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض ٹاس کےلیے میدان میں اترے۔

پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیموں کا اپنا اپنا 4 میچ ہے، کراچی کنگز اپنے تینوں میچز ہارے ہیں جبکہ پشاور زلمی 1 میچ میں فتحیاب ٹھہری ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ وکٹ بہت اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، کوشش کریں گے جلد وکٹیں لے کر پریشر ڈالیں۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو بولنگ ہی کرتے، اگر 170 رنز کریں گے تو میچ جیت سکتے ہیں۔

پشاور زلمی کی طرف سے میچ میں کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، حیدر علی، حسین طلعت ، شعیب ملک، شیرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، وہاب ریاض، محمد عمر، عثمان قادر اور سلمان ارشاد شامل تھے۔

کراچی کنگز کی فائنل الیوان میں بابراعظم اور شرجیل خان کی واپسی ہوئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں صاحبزادہ فرحان، کک بین، عامر یامین، محمد نبی، لوئس گریگوری، عماد وسیم، محمد طحہٰ، عمید آصف اور محمد عمران ٹیم کا حصہ تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید