پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں ٹیموں کی ہار جیت کا مائنڈ سیٹ کیا بدلنے لگا ہے؟ ایسا لگ رہا کے ٹاس اور ڈیو فیکٹر غیر اہم ہورہے ہیں۔
کرکٹ کے ماہرین اس بات پر متفق چلے آرہے ہیں کہ ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ میں ڈیو فیکٹر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہیں اور اب تک 10 میچز ہوچکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر ٹیم کے کپتان کی ایونٹ میں کوشش ہے کہ وہ ٹاس جیتے اور فیلڈنگ کا فیصلہ کرے۔
ٹیموں کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل 7 میں ڈیو فیکٹر کے باعث دوسری باری میں ہدف کا تعاقب آسان ہوتا ہے اور جیت کے امکانات روشن ہوجاتے ہیں۔
ایونٹ کے ابتدائی 10 میچز کے نتائج کا جائزہ لیں تو یہ بات کافی حد تک درست ثابت بھی ہوئی ہے لیکن آخری 4 میچز کے نتائج نے ہر ایک کی آنکھیں کھول کر رکھ دی ہیں۔
27 جنوری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 7 میں ابتدائی 6 میچز میں دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیم ہی فاتح رہی ہے، اس میں ٹاس جیتنے اور ڈیو فیکٹرز کی کرامات کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
لیکن پھر 31 جنوری سے 3 فروری کے درمیان ہوئے 4 میچز کے نتائج یہ بتاتے ہیں کہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیموں پر بھاری ثابت ہوئی ہیں۔
پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیتا اور دوسری بیٹنگ لی اور میچ میں 7 وکٹوں سے فاتح ٹھہری۔
دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری بیٹنگ میں191 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت جیتا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور 206 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر 2 گیندوں قبل ہی عبور کرلیا۔
ایونٹ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کی اور 115 رنز کا ہدف 2 وکٹ پر حاصل کرکے اپنے جیت کے سفر کا آغاز کیا۔
پانچویں میچ میں اسلام آباد ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کرنے کا کہا اور 169رنز کا ہدف صرف 1 وکٹ پر نقصان پر حاصل کرلیا۔
چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیتا اور دوسری باری میں 171رنز کا ہدف 4 وکٹ پر حاصل کیا۔
ساتویں میچ کے بعد پی ایس ایل میں جیت کا سفر تبدیل ہوا، اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے 175رنز کا ہدف سیٹ کیا اور حریف ٹیم 6 رنز کی دوری پر ہمت ہار گئی۔
پی ایس ایل کے 8ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے 218 رنز کا ہدف سیٹ کیا، حریف ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور میچ 20رنز سے ہار گئی۔
نویں میچ بھی پہلے باری والی ٹیم ہی فاتح قرار پائی، اس بار پشاور زلمی نے لاہور قلندرز بیٹنگ کرنے کا کہا تو حریف ٹیم 200 رنز کا ہدف دیا اور دوسری بار میں 170رنز تک محدود رہی، یوں فتح 29 رنز کے ساتھ پشاور زلمی کے نام ہوئی۔
دسویں میچ میں گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیتا اور اسلام آباد کو ہدف سیٹ کرنے کی دعوت دی اور انہوں نے اسکور بورڈ پر 230 کا ہندسہ درج کردیا اور حریف ٹیم بمشکل 186رنز تک پہنچتے پہنچتے دم توڑ گئی۔