(عکاسی: اسرائیل انصاری)
ڈر،خوف اورجوش وجذبےکے مِلے جُلے جذبات کےساتھ ہم اپنی منزلِ مقصود پر پہنچے۔ بلند و بالا آہنی دروازے پر ایک دو نہیں ،کئی گارڈز موجود تھے۔ ہم نے بنا ہچکچائے، بھر پور اعتماد کے ساتھ اپنا ،جن کی معرفت سے گئے تھے ،اُن کا تعارف کروانے کے ساتھ، جن سے ملنے گئےتھے اُن کا نام بھی بتایا، توگارڈز نے توقع کے برعکس فوراً ہی اندر جانے کی اجازت دے دی۔ اینٹری کے مسائل سےنمٹ کر جب ہم نے باؤنڈری وال کے اندر ونی وسیع و عریض حصّے پر نگاہ دوڑائی ، تو بے حد حیرانی ہوئی کہ وہاں تو دُور دُور تک کوئی عمارت یا دفتر وغیرہ نظر نہیں آرہا تھا۔ باؤنڈری والز اس قدر بلند اور اُن پر لگے جنگلے کی تِیر نما تاریں اتنی نوکیلی، تیز دھارتھیں کہ حقیقتاً وہاں کوئی پرندہ پر مارنے کی جرأت نہیں کرسکتا تھا۔
وہ جگہ کسی چٹیل میدان کا سا منظر پیش کر رہی تھی۔ دائیں جانب موٹر سائیکلز پارک تھیںاور سامنے دو راستے تھے، گوکہ دونوں ہی راستے سامنے کی طرف جا رہے تھے، لیکن دونوں کے درمیان لوہے کی ایک جالی تھی۔ مرکزی دروازے سے اپنے مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں تین رکاوٹیں (لوہے کے چھوٹے دروازے) عبور کرنے پڑیں اور ہر بار اپنا مکمل تعارف کروانااور اتنا چلنا پڑا کہ اچھی خاصی سردی میں بھی پسینے چُھوٹ گئے۔ بالآخر قدیم طرزِ تعمیر کی حامل ایک بلند و بالا، وسیع وعریض عمارت ہمارے سامنے تھی، جس کے دائیں جانب پاکستان اور سندھ پولیس کے جھنڈے لہرارہے تھے۔
’’جی بی بی! کس سے ملنا ہے آپ کو ؟‘‘ کالی وردی میں ملبوس ایک پولیس اہل کار نے پوچھا تو ہم نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بڑی خود اعتمادی سے کہا ’’ متعلقہ افسر سے کہیں ہم آئے ہیں۔‘‘ جس پر اہل کار نے بلا توقف کہا ’’صاحب تو آج نہیں آئے۔‘‘ ’’کیا مطلب نہیں آئے، ہم یہاں وقت لے کر آئے ہیں اور اُن سے بات کیے بنا تو ہر گز نہیں جائیں گے، آپ کسی اور افسر سے ہماری بات کروائیں۔ایک تو یہاں جیمرز لگے ہیں کہ بندہ کسی کو کال بھی نہیں کرسکتا۔‘‘ ہم نے قدرے سختی سے کہا ۔’’آپ جنگ اخبار سے آئی ہیں؟‘‘
اندر سے آتے ایک اور اہل کار نے پوچھا’’ جی‘‘ ہم نے جلدی سے جواب دیا۔ ’’انہیں اندر آنے دو‘‘ اُس نے اپنے ساتھی سے کہا اور ہم اہل کار کے پیچھے ہو لیے۔ یہاں ایک بات کا ذکر ضروری ہے کہ عام طور پر پاکستانی پولیس کا یہی امیج ہے کہ وہ غیر ذمّے دار ہے، لیکن جن افسر کے پاس ہمیں جانا تھا، انہوں نے افسرانِ بالا کو ہمارے آنے کی پیشگی اطلاع دے رکھی تھی، تاکہ ان کی غیر موجودگی میں ہمیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ آج سے پہلے صرف سُنا ہی تھا کہ سینٹرل جیل کی دنیا ، ایک الگ ہی دنیا ہوتی ہے، لیکن پہلی بار خود مشاہدہ کیا تو واقعی وہ ایک الگ ہی دنیا تھی ۔
خیر، ہمیں ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ کے دفتر لے جایا گیا، جو جیل ہی میں واقع ہے۔ رسمی علیک سلیک کے بعدہم ڈپٹی صاحب سے یہ کہے بنا نہ رہ سکے کہ ’’یہاںکے نظم و ضبط کا جواب نہیں۔ یہ پولیس تو شہر میں موجود پولیس سے بالکل ہی الگ لگ رہی ہے۔‘‘ تو انہوں نے مُسکراتے ہوئے کہا کہ ’’پھر بھی لوگ کہتے ہیں کہ پولیس کام نہیں کرتی ، یہاں سختی نہیں،اب آپ خود ہی مشاہدہ کرلیں کہ ہماری نگرانی میں یہاں کیا کچھ ہو رہا ہےاور ہاں، اگر آپ کو کوئی کمی نظر آئے تو بلاجھجھک ہمیں مشورہ دیجیے گا، تاکہ ہم اپنی کم زوریوں پر قابو پا سکیں۔‘‘
یہ کہہ کر انہوں نے فی الفورایک جونیئر افسر طلب کیا اور کہا’’میڈم کو کلاس رُومز میں لے جاؤاور نعیم شاہ سے بھی ملاقات کروا دینا۔‘‘ جب ہم جونیئر افسر کی ہم راہی میں ایک اور آہنی دروازہ عبور کرکے اندر داخل ہوئے، تو بالکل سامنے کچن اور اُس سے ملحقہ دیواروں کو دیکھ کر خُوش کُن احساس ہوا کہ وہ کہیں سے بھی سینٹرل جیل کا اندرونی منظر نہیں، کوئی آرٹ اسکول یا آرٹ گیلری کا ری سیپشن لگ رہا تھا۔ہم دائیں جانب راہ داری میں چل دئیے، جہاں کی ہریالی، صفائی ستھرائی، دیواروں پر بنی دل کش، رنگا رنگ اور دیدہ زیب پینٹنگز دیکھنے سے تعلق رکھتی تھیں۔
ابھی ہم فن پاروں کے سحر ہی میں مبتلا تھے کہ سہیل رانا کی خُوب صُورت موسیقی نے توجّہ اپنی طرف مبذول کروالی۔’’زمیں کی گود رنگ سے، اُمنگ سے بھری رہے… زمیں کی گود رنگ سے، اُمنگ سے بَھری رہے…خدا کرے، خدا کرے…خدا کرے سدا یہ روشنی رہے…زمیں کی گود رنگ سے، اُمنگ سے بَھری رہے… دِلوں میں کوئی خواب تھا بسا ہوا…نظر میں اِک گلاب تھا چُھپا ہوا…‘‘’’یہ ہمارا آرٹ اسکول ہے۔‘‘ افسر نے بتایا۔ اندر گئے تو ہال نما کمرے میں ایک طرف ہارمونیم، کانگو اور ڈھول لیے کچھ لوگ یہ نغمہ گا رہے تھے۔
اس کے بعد اندرونی کمرے میں گئے، تو وہاں کینوس پہ بکھرے ایسے ایسے شاہ کار دیکھنے کو ملےکہ جن کی تعریف میں الفاظ کم پڑ جائیں۔ ’’شعبہ فائن آرٹس چند سال پہلے قائم کیا گیا ہے۔ یہاں اب اغوا برائے تاوان ، قتل اور دیگر جرائم میں ملوّث قیدی پینسلز، رنگوں اور برشز سے پینٹنگ کرتےدکھائی دیتے ہیں، عدنان یہاں کے میوزِک اینڈ آرٹ ٹیچر ہیں۔‘‘افسر نےٹیچر سے ہمارا تعارف کروایا۔ ’’آپ روزانہ یہاں آتے ہیں، یہاں کتنے قیدی کلاس لیتے ہیں؟‘‘ہم نے پوچھا۔ ’’ مَیں 2008ء سے سینٹرل جیل میں قید ہوں، تب یہ اسکول نیا نیا کُھلا تھا، ایک دن یہاں سے گزرتے ہوئے دیکھا، تو سوچا میوزِک کلاس میں داخلہ لے لیتا ہوں، پھر پینٹنگ کا بھی شوق ہوگیا، تو وہ بھی سیکھی اور آج میوزِک کلاس کا اِن چارج ہوں اور ساتھ ساتھ پینٹنگ بھی کرتا ہوں۔
شاید ہی پاکستان کی کسی اور جیل میں اس طرح کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہوں۔ یہاں روزانہ چھے سے آٹھ گھنٹے فائن آرٹس کی کلاس ہوتی ہے اور یہ جگہ قیدیوں کے بنائے فن پاروں اور میوزک کی وجہ سے جیل سے زیادہ آرٹ گیلری لگتی ہے۔ میرے کتنے ہی شاگرد اپنی سزا کاٹ کر اب آرٹس کی دنیا سے وابستہ ہوچُکے ہیں اور ایک اچھی، پُر سکون زندگی بسر کر رہے ہیں۔ یہیں ایک قیدی ،جوجیل سے باہر گاڑیوں کا کام کرتا تھا، تھریڈ ورک اور پینٹس سے تِھری ڈی پینٹنگ کرنے لگا ہے۔ جب وہ آیا تھا، تو اُسے برش تک پکڑنا نہیں آتا تھا، لیکن اب ایسا لگتا ہے، جیسے کسی بڑے آرٹ اسکول کا گریجویٹ ہے۔ ‘‘قیدی عدنان نے ہمیں تفصیلات فراہم کیں۔
آرٹ اسکول سے باہر نکلے تو ہماری اگلی منزل ایک کلاس رُوم تھی، جہاں ہماری ملاقات عرفان موسیٰ سے ہوئی، جو قیدی ہونے کے ساتھ وہاں کے اِن چارج اور ٹیچر ہیں، اگر ہمیں یہ نہ بتایا جاتا کہ وہ بھی کسی جُرم کےقیدی ہیں، تو بخدا! ہم اُنہیں کوئی افسر ہی سمجھتے’’آپ یہاں کب سے قید ہیں اور آپ کےخیال میں وہ کیا عوامل ہیں، جوکسی بھی انسان کو جرم پر مجبور کردیتے ہیں؟‘‘ ہم نے پوچھا تو عرفان کچھ یوں گویا ہوئے ’’مَیں نے 27سال کار پوریٹ سیکٹر میں کام کیا ہے اور اب گزشتہ ڈھائی سال سے یہاںقید ہوں۔
اپنے تجربے کی روشنی میں بتا رہا ہوں کہ ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ عدم برداشت اور لالچ ہے۔ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ جس دن انسان اپنی برداشت، صبر و تحمّل کھو بیٹھتا ہے، اُس کی اگلی منزل جیل یا قید خانہ ہی ہوتی ہے۔‘‘ ’’ پاکستانی جیلیں جرائم کی نرسریاں ہیں یا اصلاح خانے ؟‘‘ہمارے اس سوال کے جواب میں انہوں قدرے خود اعتمادی سے اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’مجھے دیکھ کر آپ کو کیا لگ رہاہے، کیا مَیں کوئی بگڑا ہوا مجرم لگ رہا ہوں؟ میرا خیال ہے نہیں، کیوں کہ آپ کے تاثرات بتا رہے ہیں کہ آپ کو اندازہ نہیں تھا کہ مَیں قیدی ہوں۔
تو یہی بات ہے، اس وقت میری کلاس میں جتنے بھی طلبہ بیٹھے ہیں، سب کے سب مجرم ہیں اور یہاں ہر جرم میں ملوّث قیدی آتا ہے، لیکن ہم سب کو تعلیم دیتے ، بہتر انسان بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ صرف اردو سیکھنے والے قیدیوں کی تعداد اتنی ہے کہ ایک دن میں 4کلاسز کنڈکٹ کرنا پڑتی ہیں،اردو اور سندھی کی کلاسز میں اب گنجائش ختم ہو چُکی ہے ،اسی لیے ایک سو قیدی ویٹنگ میں ہیں۔ یعنی قیدیوں میں پڑھنے لکھنے کا بہت شوق ہے، وہ سیکھنا چاہتے ہیں اور یہ سوچ اُن میں اسی لیے پروان چڑھی کہ جیل انتظامیہ نے صاف ستھرا ماحول فراہم کیا ہوا ہے، اگر انتظامیہ ہی نہ چاہتی ، تو کیا کلاسز ہو سکتی تھیں؟
یہاں ایک بات بتاتا چلوں کہ صبح اُن قیدیوں کی کلاسز ہوتی ہیں، جو پہلے سےپڑھے لکھے ہیں۔ جب کہ دوپہر میں نا خواندہ قیدیوں کو پڑھایا جاتا ہے۔ اور میرے دوشاگرد تو ایسے ہیں ، جو انگوٹھا چھاپ تھے، یہیں سے تعلیم حاصل کی اور اب یہاں پڑھا رہے ہیں۔ یاد رکھیں، کوئی انسان پیدائشی مجرم نہیں ہوتا، اگر کسی سے کوئی جُرم سر زدہو گیا ہے، تو اُس کی سزاوہ کاٹ رہا ہے، مگر اس کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ وہ ساری زندگی مجرم ہی رہے گا۔ ہر انسان کو بہتر زندگی گزارنے کا حق ہے اور سینٹرل جیل انتظامیہ تمام قیدیوں کویہ حق فراہم کررہی ہے۔اور اگر جیل واقعی جرائم کی نرسری ہوتی، تو نعیم شاہ جیسے قیدی سامنے نہ آتے۔‘‘
ہم کلاس رُوم سے نکل کر برابر ہی میں موجود کمپیوٹر لیب میں داخل ہوئے، جس کے اِن چارج ،ٹیلی کام انجینئر ،عمران عبدالکلام ہیں۔ ’’مَیں چار سال سے قید ہوں اور تب ہی سے دیگر قیدیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم دے رہا ہوں۔ہمارا ادارہ گزشتہ 20 سال سے یہاں کام کر رہا ہے اور قریباً 5 ہزار لوگ یہاں سے کمپیوٹر ٹریننگ لے چُکے ہیں۔ اس وقت طلبہ کی تعداد تین سو سے چار سو کے قریب ہے، یہاں 4کورسز کروائے جاتے ہیں، جن میں سے 3کورسز سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سے منظور شُدہ ہیں اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اسناد میں یہ نہیں لکھا ہوتاکہ تعلیم جیل میں حاصل کی گئی ہے۔
ہمارے ہاںسہ ماہی، شش ماہی کمپیوٹر کورسز ، گرافک ڈیزائننگ کے علاوہ شش ماہی انگلش لینگویج کورسز بھی کروائے جاتے ہیں۔ ویسے تو آج کل یہ کورسز کرنا عام سی بات ہے، لیکن سوچنے والی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کو یہ کورسز کروائے جا رہے ہیں، وہ کوئی عام شہری نہیں، مختلف بیک گراؤنڈز سے تعلق رکھنے والے سزا یافتہ قیدی ہیں، جنہیں باہر شاید اسکول کی شکل دیکھنی بھی نصیب نہیں ہوئی ۔اور بطور استاد میرے لیے قابلِ فخر اور خوش کُن لمحہ وہ ہوتا ہے، جب پتا چلتا ہے کہ میرے شاگرد اپنی سزا پوری کرنے کے بعداب با عزّت طور پر روزی روٹی کمارہے ہیں۔
کوئی گرافک ڈیزائنر بن گیا ہے، کوئی پرنٹنگ کا کام کر رہا ہے،کوئی اپنی دُکان کھولے بیٹھا ہے، کوئی چھوٹی موٹی جگہ بطورکمپیوٹر پروفیشنل کام کر رہا ہے،کوئی مترجّم بن گیا ہے، تو کوئی سی پیک انڈسٹریز میں کام کر رہا ہے ۔اور ہم یہاں صرف تعلیم ہی نہیں دے رہے،کردار سازی بھی کررہے ہیں۔ دیکھیں، جیلیں صرف قید خانے نہیں، ری ہیبی لیٹیشن سینٹرز ہوتی ہیں، توہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنے شاگردوں کو اس قابل کردیں کہ وہ دوبارہ ایسا کوئی قدم نہ اُٹھائیں کہ جس کی وجہ سے انہیں جیل آنا پڑے۔دراصل ہمارے ہاں عام لوگوں کو قانون کی سمجھ بوجھ نہیں اور زیادہ تر لوگ اسی وجہ سے جیلوں میں قید ہیں۔
جیسے، یہاں ایسے بھی کئی لوگ ہیں، جنہوں نے کال کرنے کے لیےکسی کو اپنا موبائل فون دیا، فون لینے والے نے اس پر کسی سے تاوان مانگ لیا، توجس کا موبائل فون تھا، وہ پکڑا گیا، تو کبھی کسی اَن جان شخص یا فیملی کے علاوہ کسی کوبھی اپنا موبائل فون ہر گز استعمال نہ کرنے دیں کہ اس طرح کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کا خمیازہ پوری زندگی بھگتنا پڑتا ہے۔‘‘ عمران عبدالکلام نے ہم سے مفصّل بات چیت کی۔
کلاس رُومز سے باہر نکلے، تو ہمیں ملاقاتیوں کے کمرے میں لے جایا گیا ، جہاں نعیم شاہ ہمارے منتظر تھے۔ واضح رہے،یہ وہی قیدی ہیں، جنہوں نےانٹر میں 86.7 فی صد نمبرز حاصل کیے اوراسی غیر معمولی کار کردگی پر انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ پاکستان (ICAP)نےانہیں دس لاکھ روپے کی اسکالر شِپ آفرکی ۔ ’’اپنےخاندان، بہن بھائیوں سے متعلق کچھ بتائیںگے؟‘‘ہم نے جاتے ہی سوال داغ دیا، تو نعیم شاہ بولے ’’ویسے تومیرا تعلق خیبر پختون خوا ، تحصیل بٹگرام سے ہے، لیکن ہم لوگ کراچی ہی میں مقیم ہیں۔
ہم آٹھ بہن بھائی ہیں ، بڑے بھائی اور ابّو کاکا انتقال ہو چُکا ہے۔ ابّو کا انتقال میری قید کے دوران ہی ہوا، تو آپ اندازہ لگا سکتی ہیں کہ مَیں وہ بد نصیب بیٹا ہوں ، جو اپنے باپ کو کاندھا دے سکا، فاتحہ پڑھ سکا،نہ اُن کی قبر پر مٹّی ڈال سکا۔ ‘‘’’کتنے عرصے سے قید ہیں، کس جرم میں اور اس جرم کے ارتکاب کی نوبت کیوں آئی؟‘‘ہمارا سوال تھا۔ ’’ دفعہ 302، یعنی قتل کے جرم کی سزا کاٹ رہا ہوں اور مجھے 25 سال قید کی سزا ہوئی ہے، گزشتہ 11سال سے قید ہوں۔ ویسے تو کوئی یقین نہیں کرے گا، لیکن یہ حقیقت ہے کہ مجھے جان بوجھ کر اس کیس میں پھنسایا گیا ،مَیں نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل بھی دائر کی ہوئی ہے۔
بس، اب تو اللہ پاک سے یہی دُعا ہے کہ جلد از جلدمیری استدعا پر غور کیا جائے اور مجھے رہائی نصیب ہو۔ ‘‘نعیم شاہ نے رندھے ہوئے لہجے میں کہا۔ ’’پڑھائی کا شوق کب اور کیسے ہوا؟ کیا بچپن ہی سے ذہین طالب علم تھے؟‘‘ہم نے پوچھا ، تو وہ انتہائی جوشیلے انداز میں کچھ یوں گویا ہوئے ’’جی، جی بالکل۔ مَیں بچپن ہی سے بہت ذہین، ہوشیار اور لائق تھا۔ مَیں پڑھ لکھ کر بڑا افسربننا چاہتا تھا، شاید یہی وجہ ہے کہ مَیں تو قید ہوگیا، لیکن میرے خواب ، اُمیدیں، آرزوئیں قید نہ ہو سکیں۔اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا خواب آج بھی میری پلکوں پہ سجا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ انسان کو آخری سانس تک ہمّت نہیں ہارنی چاہیے اور وہ خواب ہی کیا، جس کی تعبیرکی کوششوں میں خون پسینہ نہ بہایا جائے،نیندیں نہ قربان کی جائیں۔
ورنہ جیل کے اس ماحول ، اونچی اونچی دیواروں،قید و بند کی صعوبتوں اور بھانت بھانت کے قیدیوں کے درمیان پڑھائی جاری رکھنا کسی طور آسان نہیں۔ تعلیم جاری رکھنے میں کافی مشکلات کا سامنا رہتا ہےاور یہ مشکلات جسمانی نہیں، ذہنی ہیں، کیوں کہ جہاں تک کھانے پینے کا تعلق ہے تو ہمیں وقت پر کھانا دیا جاتا ہے، ورزش کا وقت بھی ملتا ہے، ہر ماہ ڈاکٹرز بھی معائنے کے لیے آتے ہیں۔ لیکن جیل تو پھر جیل ہے ناں، تو گھر والوں سے دُور، بالخصوص ماں کی یادمیں دل تڑپ کے رہ جاتا ہے۔
حالاں کہ میرے تعلیم حاصل کرنے کے شوق کو اُڑان یہاں کے سُپرنٹینڈنٹ، حسن سہتو صاحب نے دی، اگر وہ میری اور مجھ جیسے دیگر قیدیوں کی حوصلہ افزائی، ہم پر اعتماد نہ کرتے ، تو یہ سب ہر گز ممکن نہ ہوپاتا۔ مَیں زندگی بھر سر کا ممنون رہوں گا کہ انہوں نے میری زندگی کو ایک نئی راہ، ایک نیا موڑ دیا۔ جب سے انہوں نے سینٹرل جیل، کراچی کا چارج سنبھالا ہے، یہاں تعلیمی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہر ممکن کو شش کرتے ہیں۔ یہ اُن ہی کا دیا ہواحوصلہ اور اعتماد ہے کہ مَیں نے جیل میں رہتے ہوئے ہی میٹرک اور اب نمایاں نمبرز سے انٹر کیا اور میری کوششوں کو سراہتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ پاکستان نے مجھے 10 لاکھ روپے کی اسکالر شِپ آفر کی۔
مَیں نے میٹرک علّامہ اقبال اوپن یونی وَرسٹی سے اور انٹر سندھ بورڈ سے پاس کیا ہے۔ حسن سہتو صاحب ہمارے لیے ایک باپ کی سی اہمیت رکھتے ہیں، جو چاہتا ہے کہ اس کی اولاد آگے بڑھے، معاشرے میں سر اُٹھاکے چلنے کے قابل ہوجائے۔ اسی لیےانتہائی محدود وسائل میں بھی انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت این جی اوز کے ساتھ مل کرقیدیوں کے لیے بنیادی تعلیم، کمپیوٹر ایجوکیشن ، آرٹس اینڈ میوزِک کی تعلیم یقینی بنائی، جہاں صبح و شام کی شفٹس میں روزانہ با قاعدگی سے کلاسز ہوتی ہیں۔ مَیں نے قید ہی میں کئی کمپیوٹر ، انگلش لینگویج کورسز بھی کیے ہیں۔‘‘
’’ جیل میں باقاعدہ کلاسز ہوتی ہیں اور کیا تمام قیدیوں کو ایک جیسی کلاسز دی جاتی ہیں یا ہر ایک کا رجحان دیکھا جاتا ہے؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔’’ دیکھیں، جیل میں بھی ڈسٹرکٹس بنے ہوئے ہیں۔ سزا یافتہ، انڈر ٹرائل، دہشت گردی میں ملوّث مجرمان وغیرہ کو علیحدہ علیحدہ رکھا جاتا ہےاور اسی حساب سے ان کی کلاسز کا بھی شیڈول ہوتا ہے۔ جب سے یہاں آیاہوں ، جیل انتظامیہ کو انہی کوششوں میں مصروف پایا کہ کسی طرح سینٹرل جیل میں با قاعدہ اسکول قائم ہوجائے ، جہاں روزانہ کی بنیادوں پر کلاسز ہوں، جیسے عام اسکولز میں ہوتی ہیں، لیکن تاحال ایسا نہیں ہوسکا، البتہ مختلف این جی اوز ، جیسے الخد مت، ساہی وغیرہ کی مدد سےتعلیم و تربیت کا سلسلہ شروع ہو چُکا ہے۔
باقاعدگی سے کلاسز تو ہوتی ہیں، لیکن ان میں زیادہ تر اخلاقیات کا درس دیا جاتا ہے، انگریزی، اردو قاعدے اور اردو ادب وغیرہ پڑھایا جاتا ہے۔ نیز، جن قیدیوں کو دل چسپی ہو، انہیں کمپیوٹر کورسز بھی کرواتے ہیں۔ گزشتہ دِنوں ہم نے آئی جی صاحب سےبھی درخواست کی تھی کہ ہماری جیل میں با قاعدہ اسکول کا قیام ممکن بنایا جائے اور مَیں خاص طور پر روزنامہ جنگ کےتوسّط سے حکومت سےبھی التجا کرتا ہوں کہ پلیز، پلیز سینٹرل جیل، کراچی میں اسکول قائم کیا جائے،جہاں شہر کے باقی اسکولز کی طرح باقاعدہ کلاسز ہوں، اساتذہ لیکچرز دیں،سائنس، آرٹس، کامرس ہر مضمون پڑھایا جائے۔
بالخصوص نویں، دسویں جماعتوں کے طلبہ کی بہتر رہ نمائی کی جائے، تاکہ ہم سزا یافتہ مجرمان کی زندگیوں میں بھی سُدھار آسکے۔ ویسے بھی سوچنے کی بات ہے کہ جیلوں میں قید کرنے یا سزا دینے کابنیادی مقصد توانسان کی اصلاح ہی ہوتا ہے، تو یہ کام اساتذہ سے بہتر اور کون کر سکتا ہے۔ میرا تو خیال ہے کہ اگر یہاں سے ایک بندہ بھی سُدھر کے نکل جائے، ایک انسان کی بھی زندگی سنور جائے، تو سمجھیں ، محنت رائیگاں نہیں گئی۔ نعیم شاہ نے تفصیلی جواب دیا۔ ’’آپ دن میں کتنی دیر پڑھائی کرتے ہیں اورکیاتمام تر قیدیوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا لازم ہے؟‘‘
ہمارے اگلے سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ ’’ویسے تو جب بھی موقع ملے پڑھنے بیٹھ جاتا ہوں، لیکن رات سونے سے پہلے دو گھنٹے ضرور پڑھائی کرتا ہوں۔اس سال جیل سے ہم 20 لڑکوں نے انٹر کا امتحان دیا تھا، جن میں میری پہلی پوزیشن آئی۔ حدیثِ نبویؐ ہے کہ علم کی طلب، ہر مسلمان( مرد و عورت) پر فرض ہے۔پھر وحی کا پہلا لفظ ’’پڑھ‘‘ ہے، تو ایک مسلمان کے علم کی پیاس تو کبھی بجھنی ہی نہیں چاہیے۔
اب جہاں تک بات ہےکہ ہر قیدی کے لیے تعلیم حاصل کرنا لازمی ہے یا نہیں، تو جیل انتظامیہ توہر قیدی کوحصولِ علم کا حوصلہ دیتی ہے اور محدود وسائل بھی مہیا کرتی ہے، لیکن اگر کوئی خود ہی نہ پڑھنا چاہے، تو کسی پر زبردستی نہیں کی جاتی۔ علاوہ ازیں، کچھ قیدی احساسِ کم تری کا بھی شکار ہوتے ہیں کہ ’’پتا نہیں، ہم تعلیم حاصل کرنے کے قابل بھی ہیں یا نہیں۔ ‘‘تو یہ ذمّے داری میری اور مجھ جیسے دیگر قیدیوں کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنےکا حوصلہ دیں، ان کی مدد کریں۔‘‘’’جیل سے امتحان دینے کا طریقۂ کارکیا ہے؟‘‘ہم نے مزید پوچھا۔’’بورڈ کے منتظمین جیل آتے ہیں اور ایک بڑے سے ہال میں امتحان لیا جاتا ہے۔‘‘نعیم شاہ نے جواب دیا۔
’’جب پتا چلا کہ اسکالر شِپ مل رہی ہے، تو کیا تاثرات تھے؟‘‘ ہمارا اگلا سوال سُن کر نعیم شاہ چمکتی آنکھوں، مُسکراتے چہرے کے ساتھ بولے’’مَیں اُس وقت اپنی بیرک میں تھاکہ ڈویژنل افسر صاحب کے پاس وائر لیس پر پیغام آیا کہ ’’نعیم کو سپرنٹینڈنٹ صاحب نے بلوایا ہے۔‘‘مَیں کافی ڈر گیا کہ اللہ خیر کرے، کیوں کہ 2018ء میں جب میرے والد صاحب کا انتقال ہوا تھا، تب بھی مجھے ایسے ہی بلوا کر وہ خبر دی گئی تھی، تو جب اس مرتبہ بلایا گیا تو مَیں بوجھل قدموں، دھڑکتے دل اور کئی اندیشوں، وسوسوں کے ساتھ حسن سہتو صاحب کے کمرے میں داخل ہوا، تو وہ کسی سے فون پر بات کررہے تھے اور ان کے چہرے پر مُسکراہٹ تھی، تب میرے دل کو یہ تو سکون ہوگیا کہ کوئی بُری خبر نہیں، اچھی ہی خبر ہے۔
پھر سپرنٹینڈنٹ صاحب نے فون رکھ کر بڑے پیار سے مجھے مخاطب کیا۔ ’’بیٹا بہت مبارک ہو۔‘‘ مَیں نے کہا ’’سر! خیر مبارک‘‘ مجھے لگا کہ شاید مجھے رہائی مل گئی ہے۔ لیکن سر نے کہا ’’میرے بچّے! آپ نے وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے کہ آج میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔ ‘‘مَیں حیران ہو کر اُن کی شکل دیکھنے لگا کہ ایسا کیا کردیا، جس پر سر اپنی سِیٹ سے اُٹھے مجھے گلے لگایا اور کہا ’’ویل ڈن مائی بوائے! تم نےانٹر (پرائیویٹ)میں ٹاپ کیا ہے ، جس کی وجہ سے ICAP کی جانب سے تمہیں اسکالر شِپ بھی دی جارہی ہے۔‘‘ مجھے تو اپنے کانوں پر یقین نہیں آرہا تھا۔ وہ ایک پل مجھے 10سال پیچھے لے گیا کہ مَیں تو یہاں ایک State Prisoner کی حیثیت سے آیا تھا، مگر تعلیم نے مجھے کس قدر عزّت بخشی۔
سر نے اُسی وقت مجھ سے کہا کہ ’’اب تم پربہت بڑی ذمّے داری آگئی ہے کہ بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرو۔‘‘پھر انہوں نے پوچھا کہ ’’کیا آگے پڑھنے کا ارادہ ہے؟‘‘ تو مَیں نے کہا ’’بالکل سر، جب اللہ پاک مجھے ایک سنہری موقع دے رہا ہے، تو مَیں ہرگز اسے ہاتھ سےجانے نہیں دوں گا۔ مَیں مُلک و قوم کے لیےایک مثال بننا چاہتا ہوں کہ قیدی ہونے کے با وجود اعلیٰ تعلیم حاصل کی، مَیں چاہتا ہوں کہ دیگر قیدی مجھ سے Motivationلیں، مجھے آئیڈیالائز کریں۔‘‘
’’روز مرّہ معمولات کیا ہوتے ہیں؟‘‘ـ ہم نے نعیم سے جاننا چاہا۔’’ جب انسان گھر ہوتا ہے ناں، توناز نخرے بھی کرتا ہے اور سُستی کاہلی بھی، لیکن وہ کہتے ہیں ناں کہ ناز نخرے صرف ماں ہی اُٹھا سکتی ہے، تو ایسا ہی ہے۔مجھے قید میں ماں کی یادبہت شدّت سے آتی ہے۔ اس کے دوپٹے کی خوش بُو سونگھنے کو دل ترستا ہے۔ خیر، جیل کے کچھ قوانین ہیں، جن کی پاس داری ہم سب کا فریضہ ہے۔ تو صبح کا آغاز نمازِ فجر سے کرتا ہوں، پھر ہم تمام قیدیوں کی گنتی ہوتی ہے(یہ جیل کا قانون ہے کہ ہر صبح تمام قیدیوں کی گنتی کی جاتی ہے)، اس کےبعد ناشتا کرکے صبح 10 بجے جیل کے لیگل ہیڈ آفس چلا جاتا ہوں، وہاں قیدیوں کی ویلفیئر کمیٹی کا دفتر ہےاور مَیں وہاں بطور لیگل ٹرینر / ٹیچرکام کرتا ہوں۔
میرا کام انڈر ٹرائل قیدیوں کو جیل کے قوانین، طور طریقے سکھانا، اُن کے حقوق و فرائض سے آشنا کروانا اورپراسیس آف ٹرائل وغیرہ سمجھاناہے۔اسی دوران مَیں دو گھنٹے کی کمپیوٹر کلاس بھی لیتا ہوں۔ اور پھر اپنی بیرک میں جاکے پڑھائی میں مصروف ہوجاتا ہوں۔‘‘ نعیم شاہ نے مفصّل جواب دیا توہم نے بات چیت مزید آگے بڑھاتے ہوئے پوچھا’’اہلِ خانہ ملنے آتے ہیں، آپ کی کام یابی پہ اُن کے کیا احساسات و جذبات ہیں؟‘‘ ’’مَیں ایک سزا یافتہ قیدی ہوں، ہمارا تعلق لوئر مِڈل کلاس فیملی سے ہے، تو میرے گھر والوں کی زندگی آسان نہیں۔
مَیں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے انہیں مزید کوئی تکلیف ہو ، اسی لیے مَیں انہیں ملنے کے لیےنہیں بلاتا۔ مہینے دو مہینے میں جب بھائی آتا ہے، تو یہی کہتا ہوں کہ زیادہ مت آیا کرو۔ مجھے 9 جنوری 2017ء کو سزا ہوئی تھی اور مَیں آخری بارکورٹ میں اپنی والدہ سے ملا تھا۔ پھر جب میری کام یابی کی خبرگھر والوں کو، خصوصاً میری ماں کو ملی، تو ابھی چند روز پہلے میری والدہ سے خصوصی ملاقات کروائی گئی۔ مَیں وہ لمحہ، وہ پَل اور ان کے چہرے کے تاثرات کبھی نہیں بھول سکتا۔
میری ماں نے بہت کٹھن وقت گزارا ہےکہ سزا یافتہ بیٹے کی ماں ہونا بھی کوئی چھوٹا جُرم نہیں۔ جب وہ آئیں تو مجھ سے مِل کر، گلے لگا کرایک گھنٹہ تو صرف روتی ہی رہیں اور مَیں بس یہی سوچ رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ مجھے اپنی ماں کی خدمت کر نا نصیب کردے۔ مائیں تو سب کی سانجھی ہوتی ہیں ، تو مَیں ہر ماں سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے لیے دُعا کرے۔‘‘نعیم جذباتی ہو رہے تھے۔ ہم نے ایک اور سوال کر ڈالا۔’’اپنے ماضی اور تجربات کی روشنی میں نوجوانوں کوکوئی پیغام دینا چاہیں گے؟‘‘’’نوجوان اس مُلک کا مستقبل ہیں۔
مَیں اپنے تجربے کی روشنی میں کہہ رہا ہوں کہ تمام نوجوان خود میں صبر وتحمّل پیدا کریں،کسی بھی حوالے سے عدم برداشت کا مظاہرہ نہ کریں، غصّے، جذبات پر قابو رکھنا ، دوستوں اور دشمنوں میں فرق کرنا سیکھیں، جو آپ کی مدد کرے، اس کا احسان مانیں۔
دوسروں کی مدد کریں، جو خوشی اور سکون کسی کی مدد کرنے میں ہے، وہ دنیا کے کسی کام میں نہیں۔ آپس میں اتحاد سے رہیں۔ میری ناقص عقل تو یہی کہتی ہے کہ دوسروں کے کام آنا چاہیے۔ اگر میرا بچّہ اسکول جاتا ہے اور میرے پڑوسی کا بچّہ تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے، تو مجھ پہ فرض ہے کہ اس کی ہر ممکن مدد کروں۔
مُلک میں کتنی جہالت ہے، اعدادو شمار کیا کہتے ہیں، کس صوبے کی شرحِ خواندگی کم ہے، کس کی زیادہ، تعلیم عام کرنا حکومت کا کام ہے یا کسی اور کا ،یہ سب مَیں نہیں جانتا، مجھے بس اتنا پتا ہے کہ اگر اللہ نے مجھے توفیق دی ہے، تو مجھ پر فرض ہے کہ اپنے پڑوسیوں، محلّے والوں کی مدد کروں۔ اگر ہر صاحبِ استطاعت کم از کم ایک بچّے کی تعلیم کا بیڑہ اُٹھا لے، توکوئی وجہ نہیں کہ مُلک کی شرحِ خواندگی میں بہتری نہ آئے۔
میری، ایک قیدی کی اس معاشرے، اپنے ہم وطنوں سے التجا ہے کہ اپنے بچّوں کے ساتھ ساتھ پڑوسیوں کے بچّوں کی تعلیم پر بھی توجّہ دیں۔‘‘نعیم شاہ بے تکان بولے جا رہے تھے۔’’ یہاں سے باہر نکل کر کیا کچھ کرنے کا ارادہ ہے؟کیا آئندہ زندگی کے لیے کوئی لائحہ عمل طے کیا ہے؟‘‘ہمارا آخری سوال تھا۔ ’’ سی اے کرنے کا ارادہ ہے۔ ساتھ اپنی والدہ، فیملی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں اور اگر اللہ نے کسی قابل کردیا، تو مَیں اپنے والد کے نام سے ایک ایسا ادارہ قائم کروں گا، جہاں مفت تعلیم دی جائےگی، تاکہ وہ اُن کے لیے صدقۂ جاریہ بن جائے۔ ‘‘
نعیم شاہ جیسے کئی ذہین افراد یہاں قید ہیں، رہ نمائی میسّر ہو تووہ معاشرے کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہو سکتے ہیں،ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ، سعید سومرو
’’ہماری جیلیں جرائم کی نرسریاں ہیں یا اصلاح خانے…؟‘‘اس حوالے سے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ ، سینٹرل جیل، کراچی کا کہنا ہے کہ’’سپرنٹینڈنٹ صاحب اور ہم سب کی تویہی کوشش ہے کہ جیل ،اصلاح خانہ بن جائے۔ ہمارے ہاں اس وقت 1200 قیدی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جیل میں رہتے ہوئے، سزا یافتہ ہونے کے با وجود تعلیم حاصل کرنااورتعلیم دینا معمولی بات نہیں۔ یہاں جو بھی قیدی پڑھنا چاہے، اسےہم بھر پور سپورٹ کرتے ہیں۔ سینٹرل جیل انتظامیہ کا مقصد مجرموں کو بہتر انسان بنانا ہے۔
نعیم شاہ جیسے کئی ذہین قیدی یہاں موجود ہیں، جنہیں اعتماد اور مواقع دئیے جائیں، تو وہ یقیناً اپنے تاریک ماضی کو خیرباد کہہ کر نہ صرف ایک بہتر ین زندگی گزار سکتے ہیں، بلکہ معاشرے کے لیے بھی سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں جتنے لوگ قید ہیں، وہ کچھ سیکھ کر یہاں سے جائیں اور ہمارا نام روشن کریں۔ پھ ریہاں بہت سے قیدی ہیں، جنہیں قانون کے مطابق ایجوکیشن ریمیشن دی جاتی ہے۔
یعنی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر سزا میں کمی کردی جاتی ہے۔ میرے خیال میں تو شرحِ جرائم میں اضافے کی بنیادی وجہ غربت ، بے روزگاری ہے۔آپ خود سوچیں کیا کوئی باپ اپنی اولاد کو بھوکا دیکھ سکتا ہے؟ ہر گز نہیں، تو ایسی ہی وجوہ ہوتی ہیں، جو کسی بھی غریب انسان کو جرم پر اُکساتی ہیں۔وگرنہ ہمارے کئی قیدی اپنی سزا پوری ہونے کے بعد آج معاشرے میں عزّت کی روٹی کمارہے ہیں۔ بالخصوص آرٹس اینڈ میوزِک اسکول کے تربیت یافتہ کئی لڑکے اپنی اپنی فیلڈز میں خُوب نام کما رہے ہیں، جو دَرحقیقت اُن کی نہیں ،ہماری کام یابی ہے۔‘‘
جرم ایک لمحے کا، سزا آخری سانس تک…
…… نعیم شاہ……
نعیم شاہ نے اپنا ایک عمدہ تجربہ بھی ہم سے شیئر کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’یہاں آنے والے ہر قیدی کی اپنی الگ کہانی ہے۔آپ نے کبھی غور کیا کہ کوئی بھی انسان جرم کیوں کرتا ہے؟ درحقیقت کچھ لوگوں کو پتا ہی نہیں ہوتا اور ان سے جرم سر زد ہوجاتا ہے۔ کچھ لوگ جھوٹے مقدمات میں پھنس جاتے ہیں، تو کچھ قوانین سے نابلد ہیں۔ وگرنہ کوئی احمق ہی ہوگا، جو قتل کی سزا جانتے ہوئے بھی کسی کا قتل کرے، در حقیقت ہمارےہاں زندگی گزارنے، مہذّب شہری بننے کی تعلیم ہی نہیں دی جاتی۔
دوسری جانب، جن لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے، وہ اس قدر ڈیپریشن میں مبتلا ہوجاتے ہیں کہ یہاں سے باہر نکلنے کے بعد با قاعدہ جرائم کا ارتکاب کرنے لگتے ہیں، تو اگر جیل میں با قاعدگی سے ماہرِ نفسیات آئیں، قیدیوں کی ذہنی صحت بہتر بنانے کے لیے مختلف سیشنز کریں، تو بہت سے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
نیز، ایک بہت اہم مسئلہ یہ ہے کہ جیل سے رہائی کے بعد قیدیوں کو کہیں کوئی کام یا وائٹ کالر جاب نہیں ملتی۔ ان کی زندگیاں مزید مشکلات سے دوچار ہوجاتی ہیں، اسی لیے میری مختلف این جی اوز، حکومت اور دیگر نجی اداروں سے استدعا ہے کہ ایسا کوئی قانون یا نظام بنایا جائے کہ وقتاً فوقتاً حکومت یا کمپنیز کے نمایندے جیل وِزٹ کریں اور قیدیوں سے ان کی دل چسپی،قابلیت، مہارتوںاور تعلیم کی تفصیلات حاصل کریں۔ بعد ازاں، رہائی کے بعد انہی بنیادوں پراُنہیں ملازمتیں فراہم کردیں۔ ‘‘