• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ایس ایس کارنر چند زیرک، مخلص افراد کا روشن کردہ دِیا

(عکّاسی: اسرائیل انصاری)

’’شام کے چار بجے جب ہم وسیع و عریض رقبے پر محیط سفید رنگ کی، انتہائی دیدہ زیب و دل کش عمارت کے احاطے میں داخل ہوئے، تو مُسکراتے چہروں، چمکتی آنکھوں، پُرجوش باڈی لینگویج کے ساتھ کاندھوںپربیگ لٹکائے،ہاتھوں میں نوٹ بُکس تھامے ٹولیوں کی صُورت کھڑے نوجوانوں کو (جو خوش گپّیوں میں مصروف، اگلی کلاس شروع ہونے کے منتظر تھے) دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا۔ 

واقعی! اپنی ہی دُھن میں مگن، دنیا کی فکروں سے آزاد، پلکوں پہ مستقبل کے خواب سجائے تمیز دار، سلجھے ہوئے،مہذّب نوجوان بہت ہی بھلے لگتے ہیں۔ہم اپنا زمانۂ طالبِ علمی یاد کرتے اُن کے پاس جاپہنچے۔ ’’سُنا ہے، آج سے پاکستان اسٹڈیز کی نئی ٹیچر آئیں گی۔‘‘ اسکارف ٹھیک کرتی ایک لڑکی نے اپنی سہیلیوں کو مطلع کیا۔ ’’مجھے تو بس یہی سبجیکٹ سب سے مشکل لگتا ہے، کہیں پہلے ہی دن مجھ سے کوئی سوال نہ پوچھ لیں۔‘‘ دوسری لڑکی نے فکرمندی سے جواب دیا۔ ’’کیا آپ بتا سکتی ہیں کہ ریسیپشن کہاں ہے؟‘‘ 

ہم نے اچانک ہی سوال کرلیا۔ ’’ریسیپشن تو نہیں ہے، اس ہال میں، جہاں ہماری کلاس ہوتی ہے، کارنر پر ایک ایڈمیشن ڈیسک ہے، وہاں سے آپ کو ساری معلومات مل سکتی ہیں۔‘‘ قریب ہی کھڑے ایک لڑکے نے سامنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جواب دیا۔ ’’تھینک یو! ویسے طحہٰ سلیم کب تک آتے ہیں؟ ہمیں اُن سے ملاقات کرنی ہے۔‘‘ ہم نے بتایا ’’سر طحہٰ ابھی کلاس لے رہے ہیں۔ویسے آپ اُن سے کیوں ملنا چاہتی ہیں؟‘‘ نوجوان نے ہم ہی سے اُلٹاسوال کر ڈالا۔ ’’ اُن سے کچھ کام ہے۔‘‘ ہم نے مختصر جواب دیا۔ ’’ویسے آپ لوگ یہاں باقاعدگی سے آتے ہیں؟ کلاسز کا دورانیہ کتنا ہوتا ہے؟ فیس کتنی ہے اور کیا یہاں معیاری کوچنگ ہورہی ہے؟‘‘ ہم نے ایک ہی سانس میں کئی سوال کر ڈالے۔ ’’ اوہ! تو یعنی آپ کو یہاں داخلہ لینا ہے۔ ہماری اکیڈمی میں داخلہ یا ٹیوشن فیس نہیں لی جاتی اور پڑھائی بہت اچھی ہے۔ 

روزانہ اٹینڈینس ہوتی ہے اور چُھٹی کرنے پر ٹھوس وجہ بتانی پڑتی ہے۔ آپ بے فکر ہوکر ایڈمیشن لے لیں۔‘‘ نوجوان لڑکے کی خود اعتمادی سے ہم بےحد متاثر ہوئے۔ ’’اوراگر آپ کو مزید معلومات حاصل کرنی ہیں، تو وہ سر فہد آرہے ہیں، اُن سے مل لیں۔‘‘ اُس نے دُور سے آتے ایک نوجوان ٹیچر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، تو ہم بھی اُن کی طرف چل دئیے۔ 

ڈپٹی کمشنر(سینٹرل)کراچی،طحہٰ سلیم
ڈپٹی کمشنر(سینٹرل)کراچی،طحہٰ سلیم

یہ روداد ہے، کراچی کے فیڈرل بی ایریا کے ’’المرکزِ اسلامی‘‘ کی، جہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سےایک ہال نما کمرے میں ڈپٹی کمشنر(ڈی سی)، سینٹرل طحہٰ سلیم کی زیرِ نگرانی ’’سی ایس ایس کارنر‘‘ کے نام سے ایک اکیڈمی چلائی جارہی ہے۔ واضح رہے، اس اکیڈمی میں سی ایس ایس کرنے کے خواہش مند افراد کی بلا معاوضہ تیاری کروائی جاتی ہے۔ یہی نہیں، یہاں پڑھانے والے اساتذہ کی اکثریت سی ایس ایس آفیسرز ہی پر مشتمل ہے، جب کہ خود طحہٰ سلیم بھی کلاسز لیتے ہیں۔

ہم سر فہد کے پاس پہنچ چُکے تھے، اپنا تعارف کروانے کے بعد اُن سے بات چیت کی درخواست کی، جو انہوں نے بخوشی قبول کرلی۔ سیّد محمّد فہد، پروفیشنل انگلش لینگویج ٹیچرہیں، جو گزشتہ ایک برس سے سی ایس ایس کارنر کا حصّہ ہیں۔وہ امریکا کی کیلی فورنیااسٹیٹ یونی وَرسٹی سے ماسٹرز کے بعد اب کراچی میں درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ’’ سی ایس ایس کارنر کے حوالے سے کچھ بتائیں، آپ کب سے اس کا حصّہ ہیں؟‘‘ 

ہم نے پوچھا، تو وہ کچھ یوں گویا ہوئے ’’شہر میں جہاں جہاں بھی مقابلے کے امتحان کی تیاری کروائی جارہی ہے،کہیں کوئی 70ہزار سے کم چارج نہیں کرتا، جب کہ ہم خواہش مند طلبہ کو فی سبیل اللہ پڑھارہے ہیں۔ حالاں کہ مجھ سے کئی لوگوں نے کہا کہ آپ یہاں پڑھانے کی فیس چارج کیوں نہیں کرتے، لیکن مَیں نے منع کردیا کہ یہ نوکری مَیں ضرورت کے تحت نہیں، انبیاؑ کی سنّت سمجھ کر کررہاہوں۔‘‘ ’’آپ کے یہاں کےکتنے طلبہ اب تک سی ایس ایس کلیئر کر چُکے ہیں؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’تعداد تو مجھے یاد نہیں لیکن ہمارے کئی طلبہ ، جنہوں نے یہاں سے انٹرویو کی تیاری کی ، الحمدُ للہ کام یاب ہو کر متعلقہ محکموں میں ذمّےداریاں ادا کر رہے ہیں۔ 

سی ایس ایس کارنر کے ایک ٹیچر، سیّد فہد نمایندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے
سی ایس ایس کارنر کے ایک ٹیچر، سیّد فہد نمایندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے

گرچہ شہری سندھ کی نسبت، دیہی سندھ میں مقابلے کے امتحان کا رجحان کچھ زیادہ ہے۔ لیکن جب سے سی ایس ایس اکیڈمی کا قیام عمل میں آیا ہے، تب سے شہری علاقوں کے بچّوں نے بھی اس طرف دھیان دینا شروع کر دیا ہےاور یہ امر بہت ہی خوش آئند ہے۔‘‘سیّد فہد نے بتایا۔ ’’ اکیڈمی کے حوالے سےبالخصوص متوسّط طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کا کیسا ردّ ِ عمل ہےکہ بنا ایک پیسا خرچ کیے وہ معیاری تعلیم حاصل کر پا رہے ہیں؟‘‘ہم نے پھر پوچھا۔ ’’ اللہ کے فضل و کرم سے بہت ہی اچھا ریسپانس ملا ہے ۔ 

یہی دیکھیے، ہمیں اپنی اکیڈمی کی کہیں کوئی تشہیر ہی نہیں کرنی پڑی کہ یہاں آنے والے طلبہ ہی نے اپنے دوستوں، رشتے داروں وغیرہ کو بتایا اور اب طلبہ کی تعداد ہے کہ دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہے۔‘‘’’یہاں آنے والے طلبہ میں آپ کو کیا خامیاں اور خوبیاں دکھائی دیں؟‘‘ ہم نے پوچھا تو سیّد فہد نے بتایا کہ ’’بنیادی انگریزی کم زورہوتی ہے، جس کی وجہ سے انگریزی زبان میں خود اعتمادی کے ساتھ بات نہیں کر پاتےاور میری کوشش یہی ہے کہ طلبہ کی انگریزی گرامراور بول چال بہتر کرواؤں۔

پھر بہت سے بچّوں میں کمیو نی کیشن اِسکل نہیں ہوتی، خود اعتمادی سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر پاتے، تو ہم اس حوالے سے بھی کام کرتے ہیں۔ جہاں تک بات ہے ،ان کی خوبیوں کی، تو یہاں آنے والے ہر ایک طالبِ علم میں جو سیکھنے کی چاہ ، کچھ کر دکھانے کی لگن ہے، دَر حقیقت یہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ‘‘ سیّد فہد کو دوسرے کیمپس کلاس لینے جانا تھا، سو وہ مختصر بات کر کے چلے گئے۔

تھوڑی ہی دیر میں ڈی سی، کراچی (سینٹرل) طحہٰ سلیم آگئے۔ رسمی علیک سلیک کے بعد اُن سے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔ ’’اکیڈمی بنانے کا خیال کب اور کیسے آیا؟‘‘ہم نے سوال کیا۔ ’’یہ سابق کمشنر/ایڈمنسٹریٹر کراچی، افتخار شلوانی کے دَور کی بات ہے، مَیں اُن کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل،پارکس اینڈ ہارٹی کلچر (باغ بانی) کی حیثیت سے کام کررہا تھا، اُس وقت فریئر ہال ،گارڈین بورڈنامی ایک این جی او کے پاس تھا کہ وہ وہاں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد کریں، لیکن بد قسمتی سے وہاں ایسا کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا تھا، تو شلوانی صاحب نے ان سے وہ جگہ واگزار کروالی تاکہ کم از کم کےایم سی کے تحت ہی وہاں تعلیمی، تعمیری، صحت مندانہ سرگرمیاں انجام دی جائیں، پھرہم نے سب سے پہلے فریئر ہال لائبریری، جو گزشتہ 4 برس سے بند تھی، بحال کرنے کا سوچا اور یوں’’سی ایس ایس کارنر ‘‘ کے قیام کی سوچ، ایک خیال پروان چڑھا۔

بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ ’’آپ نے فریئر ہال ہی سے اکیڈمی کا آغاز کیوں کیا؟ تو اس کا آسان جواب یہ ہے کہ میرا آفس فریئر ہال کے عین سامنے تھا، تو میرے لیے دفتری اوقاتِ کار میں، دفتری اُمور کی انجام دہی کے ساتھ ایک، دو گھنٹے کے لیے کلاس لینا خاصا آسان تھا۔ ایک تو ویسے ہی ہمارے مُلک میں معیاری تعلیم حاصل کرنا، ٹیوشن فیسز بھرنا آسان نہیںاور پھر مقابلے کے امتحان کی تیاری ۔ شہر میں سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کےکئی مراکز موجود توہیں،لیکن مِڈل یا لوئرمِڈل کلاس ان کی فیس افورڈ نہیں کر سکتی۔

اسی لیے میری شدید خواہش تھی کہ ایسے خواہش مند طلبہ کو مَیں خود پڑھاؤں، اُن کی رہ نمائی کروں، ان کے لیےراہیں آسان کروں۔ اوریقین کریں، جب ہم نے سی ایس ایس کارنر کا آغاز کیا تھا، تو اس وقت ہرگز اندازہ نہ تھاکہ اس قدر اچھا فیڈ بیک ملے گا۔مجھے از حد خوشی ہے کہ ہمارے بچّوں میں آگے بڑھنے کی لگن ہے، وہ اپنے مستقبل سے متعلق اتنے بھی غیر سنجیدہ نہیں، جتنا ہم انہیں سمجھتے ہیں۔خیر،ابتداً تو ہم نے ہفتہ، دس دن میں ایک، دو کلاسز سے اکیڈمی کا آغاز کیاتھا، مگر بس پھر؎ مَیں اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل مگر …لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا کے مصداق طلبہ اور اساتذہ(جن میں کئی بیوکریٹس بھی شامل ہیں) دونوں کی تعداد بڑھتی گئی اور نہ صرف فریئر ہال کے اطراف، بلکہ فیڈرل بی ایریا اور اس سے ملحقہ علاقوں کے کئی طلبہ بھی ہماری اس چھوٹی سی کاوش سے مستفید ہو رہے ہیں۔ 

یہاں ایک بات کا ذکر ضروری سمجھتا ہوں کہ سی ایس ایس کارنر میں کسی قسم کی کوئی داخلہ فیس لی جاتی ہے، نہ ٹیوشن فیس۔ یہاں دی جانے والی تعلیم بالکل مفت ہےاور ہماری ٹیم میں قریباً 100 سول سروسز آفیسرز ہیں۔‘‘ طحہٰ سلیم نے مفصّل جواب دیا۔ ’’اس طرح کے اور پراجیکٹس پر بھی کام کر رہے ہیں، مستقبل کے کیا پلانز ہیں؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’ہما را پہلا کیمپس فریئر ہال میں تھا، جس کے بہت مثبت ریسپانس کے بعد المرکزِ اسلامی، فیڈرل بی ایریا میں یہ اکیڈمی شروع کی، لیکن دُور دراز علاقوں میں رہنے والے بچّوں کی جانب سےشکایات آرہی تھیں کہ اُن کے لیے دونوں ہی اکیڈمیز تک پہنچنا مشکل ہے، تو ہم نے اب آن لائن کلاسز کا بھی آغاز کردیا ہے، تاکہ ہر بچّہ اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔ 

اکیڈمی میں جاری کلاس کا ایک منظر(عکّاسی: اسرائیل انصاری)
اکیڈمی میں جاری کلاس کا ایک منظر(عکّاسی: اسرائیل انصاری)

یعنی ہم تین پلیٹ فارمز سے تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی طرح جب پڑھانا شروع کیا، تو اندازہ ہوا کہ کئی بچّے انگلش لینگویج میں بہت کم زورہیں، تو ہم نے پبلک اسکول، نارتھ کراچی میں صرف لینگویج کے لیے ایک کیمپس کا آ غاز کیا ہے، تاکہ علاقے کے بچّے انگریزی زبان پر عبور حاصل کر سکیں۔ نیز، ضرورت مند بچّوں کو مفت کتابیں بھی دیتے ہیں، اس حوالے سے فریئر ہال میں ’’دیوارِ علم‘‘ بنائی ہے، جہاں سے جب چاہیں کتابیں لے کر جا سکتے ہیں۔ اسی طرح اسٹریٹ لائبریری کا قیام کے ایم سی ہی کی کاوش ہے، تو ہماری بس یہی کوشش ہے کہ روشنیوں کا شہر علم کے چراغوں سے روشن رہے۔‘‘طحہٰ سلیم نے ہمارے اس سوال کا بھی تسلّی بخش جواب دیا۔

’’سی ایس ایس کارنر میں روزانہ کتنے طلبہ آتے ہیں؟‘‘ہم نے پوچھا۔ ’’جب سیشن کا آغاز ہوتا ہے، تو ایک ایک کلاس میں ایک سو سے زیادہ طلبہ موجود ہوتے ہیں، اگر دن میں دو کلاسز ہوں توتعداد دو، ڈھائی سو کے قریب بھی ہو جاتی ہے۔ ویسے ہمارے رجسٹرڈ طلبہ کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ لینگویج کلاس میں 70، 80بچّے ہوتے ہیں،جب کہ آن لائن طلبہ کی تعداد کا تو کوئی شمار ہی نہیں۔ ایک بات ہے کہ چاہے فزیکل کلاسز ہوں یا آن لائن معیارِ تعلیم پر کسی طور سمجھوتا نہیں کیا جاتا اور اس کی نگرانی مَیں خود کرتا ہوں۔‘‘

ڈی سی سینٹرل کا انداز انتہائی متاثر کُن اور حوصلے بلند تھے۔ ’’کن عُمروں کے طلبہ زیادہ آتے ہیںاور طالبات کا تناسب کیا ہے؟‘‘ہم نے پوچھا، تو وہ کچھ یوں گویا ہوئے کہ ’’زیادہ تعداد گریجویٹ اسٹوڈنٹس کی ہے،جب کہ میٹرک، انٹر کے طلبہ بھی آتے ہیں تاکہ بنیادی معلومات لے سکیں۔ یہاں ایک بات بتاتا چلوں، جو انتہائی خوش آئند بھی ہے کہ ہمارے رجسٹرڈ طلبہ میں لڑکے، لڑکیوں دونوں کی تعداد قریباً برابر ہے، یعنی لڑکیاں بھی مقابلے کے امتحان میں اتنی ہی دل چسپی لیتی ہیں، جتنی لڑکے۔ اور مَیں تو اس کا کریڈٹ ان کے گھر والوں کو دوں گا، جو بیٹوں، بیٹیوں میں کوئی تفریق نہیں کرتے، روزانہ کئی باپوں، بھائیوں کو دیکھتا ہوں، جو اپنی بیٹیوں، بہنوں کو اکیڈمی چھوڑنے آتے ہیں اور اُن کی آنکھوں کی چمک، اُمید کہ’’ہماری بچیاں بھی ایک دن بڑی افسر بن کر ہمارا نام روشن کریں گی،‘‘ دیکھ کر ہمیں بہتر سے بہتر کام کی موٹی ویشن ملتی ہے۔‘‘ ’’سالِ گزشتہ سی ایس ایس میں کام یابی کا تناسب 2.1 فی صد تھا، اس میں آپ کی اکیڈمی کے کتنے طلبہ شریک اور کام یاب ہوئے؟‘‘ہم نے ایک اور سوال پوچھا۔

’’2020ء میں ہم نے 14 اُمید واروں کو انٹرویو کی تیاری کروائی تھی، جو سب کام یاب ٹھہرے اور اس بار بھی الحمدُ للہ!ہمارے 10 اُمید واروں نے تحریری امتحان دیاہے، جو اب نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ایک اہم بات یہ ہے کہ جب آپ پوری لگن، محنت کے ساتھ سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کرلیتے ہیں، تو دیگر کئی امتحان بآسانی دے پاتے ہیں۔یعنی ہمارے پاس سے تیاری کرنے والے امیدوار صرف سی ایس ایس نہیں، کوئی بھی وفاقی/صوبائی امتحان دینے کا اہل ہوجاتا ہے۔ جیسے، ہمارا ایک بچّہ ابھی ’’پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی)‘‘میں بھی گیا ہے، ایک لڑکی دفاعی منسٹری میں منتخب ہوگئی، اسی طرح ہمارے اور بھی کئی طلبہ ہیں، جومختلف سرکاری اداروں میں ملازمتوں پر لگ گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں ہم نے لوکل گورنمنٹ، ایف آئی اے کے امتحان کی تیاری کروائی تھی، تو ایک طرح سے ہم صرف سی ایس ایس نہیں، تمام امتحانات کی تیاری کروا رہے ہیں۔‘‘ 

طحہٰ سلیم نے وضاحت کی۔’’نوجوان نسل یا یہاں آنے والے طلبہ میں کیا کمی دیکھتے ہیں؟‘‘’’ سچ کہوں تو ہماری نسلِ نو میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے، یہ ہر طرح سے لائق، ذہین اور سمجھ دار ہے۔ البتہ، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے، خود کو منوانے کے مواقع میسّر نہیں یا ہیں تو بہت کم ہیں، تو مجھے لگتا ہے، ہمیں اس حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہےکہ اگر مُلک و قوم کے اس بیش قیمتی اثاثے سے فائدہ اُٹھانا ہے، تو اسے پَھلنے پُھولنے، کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے پڑیں گے۔ نیز، تعلیم یافتہ، قابل لوگوں کو سرکاری نوکریاں دینی پڑیں گی، تاکہ بیوکریسی بہتر ہو، حکومت بہتر طریقے سے کام کر سکےاور مُلک آگے بڑھے۔‘‘ڈی سی صاحب نے اپنی بات مکمل کی۔

’’اکیڈمی میں داخلے کا کیا طریقۂ کار ہے؟ کب اور کس اہلیت کے افراد اپلائی کر سکتے ہیں؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا۔’’داخلے کا طریقۂ کار انتہائی آسان ہے، شناختی کارڈ کی کاپی اور ایک تصویر کے ساتھ ، ایک فارم جمع کروانا ہوتا ہے، جن بچّوں کا شناختی کارڈ نہیں بنا ہوتا، انہیں والد یا گارڈین کے شناختی کارڈ کی کاپی جمع کروانی پڑتی ہے۔ ہم ایک پیسا چارج نہیں کرتے ، نہ ہی کوئی داخلہ ٹیسٹ وغیرہ لیتے ہیں۔ ‘‘ طحہٰ سلیم کا جواب تھا۔ ’’آپ کے خیا ل میں سی ایس ایس کے لیے مقررہ عُمر کی حد درست ہے یا اس میں کمی یا اضافے کی ضرورت ہے؟‘‘’’میرے خیال میں تو عُمر کی حدٹھیک ہے کہ اگر آپ 30 سال کی عُمر سے پہلے سروس میں آجائیں، تو آپ کے پاس مُلک کو سَرو کرنےکے 30، 32سال ہوتے ہیں۔‘‘ 

’’اکیڈمی میں پڑھانے والے اساتذہ کو کون اپوائنٹ کرتا ہے؟ اہلیت کیا ہونی چاہیے؟ اور کیا انہیں تنخواہ بھی دی جاتی ہے؟‘‘ہم نے اگلا سوال کیا۔ ’’زیادہ تر اساتذہ سی ایس ایس کوالیفائیڈ ہیں اوربیش تر اساتذہ رضاکارانہ طور پر ہی پڑھارہے ہیں۔ ہاںالبتہ جب طلبہ کی تعداد بڑھی، تو کچھ ٹیکنیکل/ سائنسی مضامین پڑھانے کے لیےباہر سے بھی اساتذہ بھرتی کرنے پڑے، مگر ہمارا ادارہ جب طلبہ سے پیسے چارج نہیں کرتا تو تنخواہیں کیسے دیتے،لہٰذا اس مقصد کے لیے ہم نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ ایک ایم او (معاہدہ ) پر دستخط کیے، جس کے تحت کچھ دوست ہماری مدد کرتے ہیں ، تاکہ ہم باہر سے ہائر کیے جانے والے اساتذہ کواُن کا مشاہرہ دے سکیں۔‘‘طحہٰ سلیم نے وضاحت کی۔’’اکیڈمی میں کن کن مضامین کی تیاری کروائی جا رہی ہے؟ آپ خود بھی کلاسز لیتے ہیںتوکب اور کن مضامین کی؟‘‘ہم نے جاننا چاہا۔’’ہم سی ایس ایس کے تمام مضامین اور انٹرویوکی تیاری کرواتے ہیں۔ علاوہ ازیں، کسی اور سرکاری محکمےجیسے ایف آئی اے، پی سی ایس، لوکل گورنمنٹ وغیرہ کی ملازمتیں آجائیں، تو ان کی بھی تیاری کرواتے ہیں۔ 

نیز، اپنی تمام تر مصروفیات کے با وجود مَیں خود بھی کلاسز لیتا ہوں۔ آج کل ذمّے داریاں اور کام مزید بڑھ گیاہے،تو با قاعدگی سے کلاسز نہیں لے پاتا، لیکن ہفتے میں ایک کلاس تو ضرور ہی لیتا ہوں۔مَیں زیادہ تر انگریزی مضامین (Essays) اور کرنٹ افیئرز کی کلاس لیتا ہوں۔یہاں مَیں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ سی ایس ایس کرنے کے خواہش مند افراد کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ یہ کوئی آسان کام نہیںہے۔یہ پاکستان کے مشکل ترین اورشفّاف ترین امتحانات میں سے ایک ہے، لہٰذا اگر آپ پوری محنت، لگن، ایمان داری کے ساتھ اس کی تیاری کریں گے، تو کوئی وجہ نہیں کہ ناکام ہوں۔

اور اگر تیاری کے باوجود کام یاب نہ ہو سکے، تو سرکاری محکموں کی دیگر ملازمتوں کے لیے تو آسانی ہوہی جاتی ہے۔ تو میرا مشورہ ہے کہ جو بھی طلبہ سرکاری ملازمت کے خواہش مند ہیں، وہ سی ایس ایس کی تیاری ضرور کریں اور خُوب محنت کریں کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ حکومت سب سے بڑی ایمپلائر ہے، تومحض سہل زندگی کے لالچ میں نہیں، مُلک و قو م کی خدمت کے جذبے کے ساتھ بھی سرکاری ملازمت کی طرف آئیں اور اپنے وطن کی خدمت کریں کہ زندگی گزارنے کا اس سے اچھا کوئی طریقہ نہیں ہو سکتا۔‘‘ ڈی سی سینٹرل نے بہت پُرجوش انداز میں جواب دیا۔ 

’’سی ایس ایس پاس کرنے والوں میں صوبۂ سندھ، بالخصوص شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کی شرح کم کیوں ہے؟‘‘ہمارا آخری سوال تھا۔ ’’جی،بد قسمتی سے ایسا ہی ہے،(طحہٰ سلیم نے آخری سوال کا بھی بڑی خندہ پیشانی سے جواب دیا) اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ شہروں میں عمومی طور پر گورنمنٹ سیکٹرز میں تنخواہیں کم ہوتی ہیں، تو لوگ نجی اداروں میں کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں یا بیرونِ مُلک چلے جاتے ہیں۔ لیکن اب ہم نےاس حوالے سے آگاہی فراہم کرنی شروع کی ہے، تو یہاں بھی لوگوں میں سی ایس ایس کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہےاور مجھے اُمیدہے کہ اِنشاء اللہ آنے والے ایک، دو برسوں میں یقیناً کراچی کے سی ایس ایس کرنے والوں کی شرح پنجاب تک پہنچ جائے گی۔

خاص طور پر ہم سی ایس ایس کارنر کے پلیٹ فارم سے امتحانات کی تیاری کا جو موقع فراہم کر رہے ہیں، تو اس کا نتیجہ چند سال میں ضرورظاہر ہوگا۔اور جلد ہی بڑی تعداد میں یہاں کے نوجوان بھی سول سروسز سے وابستہ افسران بن کر پاکستان، بالخصوص اس شہر کی خدمت کریں گے۔‘‘

سنڈے میگزین سے مزید