• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: وِل ڈیورانٹ

ترجمہ: یاسر جوّاد

صفحات: 615، قیمت: 1500 روپے

ناشر: بُک کارنر، جہلم۔

امریکی فلسفی اور تاریخ دان، وِل جیمز ڈیورانٹ نے اپنی اہلیہ کی معاونت سے 40 برسوں کی مشقّت کے بعد گیارہ جِلدوں(14 ہزار سے زاید صفحات) پر مشتمل ’’ دی اسٹوری آف سویلائزیشن‘‘نامی کتاب تخلیق کی، جسے عالم گیر شہرت حاصل ہے۔مصنّف نے اِس کتاب میں تاریخ کو مختلف ادوار اور تہذیبوں کے تناظر میں بیان کیا ہے۔ اِس ضمن میں اُنھوں نے اُن شخصیات کا کہیں تفصیلی، تو کہیں چند صفحات میں تذکرہ کیا، جو اُن کے خیال میں عہد ساز یا متاثر کُن شخصیت کی حامل تھیں۔

یوں بیش تر مذہبی رہنماؤں، فلسفیوں، دانش وَروں، ادیبوں، جنگ جُوؤں اور سیاست دانوں کی خدمات اور دنیا پر اُن کے اثرات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاریخ سے دِل چسپی رکھنے والوں نے اِس کتاب کو ہمیشہ سے ایک بنیادی ماخذ کے طور پر لیا ہے۔یاسر جوّاد ترجمے کی دنیا کا جانا پہچانا نام ہیں اور اُن کے کام کو علمی حلقوں میں انتہائی مستند تسلیم کیا جاتا ہے۔

مترجّم نے اِس ضخیم کتاب سے 100 ایسی شخصیات کا انتخاب کیا، جو سب سے نمایاں تھیں اور پھر اپنی طرف سے کوئی کمی یا اضافہ کیے بغیر اُن سے متعلق مواد کا اُردو میں ترجمہ کرکے قارئین کے سامنے پیش کردیا۔چوں کہ ناموں کی ترتیب آگے پیچھے ہونے سے اعتراض کا دروازہ کُھل سکتا ہے، اِس لیے یہ وضاحت کی گئی ہے کہ کتاب کی ترتیب سنِ پیدائش کے اعتبار سے رکھی گئی ہے۔آخر میں اصل کتاب کی تمام گیارہ جِلدوں کی فہرست دینے کے ساتھ، بار بار استعمال کی جانے والی اصطلاحات کی تشریح بھی کردی گئی ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید