• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی تعلیم و ترقی، فلاح و بہبود کیلئے زندگی وقف کردی

’’70، 80 کی دَہائی تک گلگت بلتستان کے لوگوں کا اسلام آباد آنے کا کچھ زیادہ رجحان نہیں تھا۔ ہمارے علاقے سے آنے والے اکثر لوگ اسلام آبادآتے، توہمارے ہی گھر ٹھہرتے کہ میری والدہ بہت ہی سادہ طبع، ہم درد، خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار خاتون تھیں۔ ان کی ساری زندگی لوگوں کی، سماج کی خدمت کرتے ہی گزری۔ اور جب مَیں ایک نجی ادارے کے رُورل سپورٹ پروگرام کا حصّہ بنی، تو مَیں نے بھی اپنی زندگی خدمتِ خلق، خصوصاً خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کردی۔

یہاں تک کہ مَیں توشادی بھی نہیں کرنا چاہتی تھی، لیکن امّی کو میری شادی کی بہت فکر تھی اور مَیں نےصرف اُن کے ذہنی سکون ہی کی خاطر شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔ ہم بہن، بھائیوں کی تربیت میں بنیادی کردار ہمارے دادا کا ہے۔ آج مجھ میں یہ جو بلا کی خود اعتمادی ہے، وہ داداہی کی مرہونِ منّت ہے کہ انہوں نے بلا تفریق ہم بہن بھائیوں کی ایسی تربیت کی کہ ہماری شخصیات ہی نکھرگئیں۔

انہوں نے ہمیں اُٹھنے بیٹھنے، لوگوں سے بات چیت کا طریقہ سلیقہ سکھایا۔ ہرہائی پروفائل پارٹی میں ہمیں ساتھ رکھتے، موویز دکھانے لے جاتے، شاپنگ کرواتے، حالاں کہ اُس زمانے میں ہمارے علاقے میں لڑکیوں کی تعلیم کا رواج عام نہیں تھا، لیکن میرے دادا نے اپنی بیٹیوں کو بھی اعلیٰ تعلیم دلوائی اورپھرہم بہن، بھائیوں کی بھی بہترین گرومنگ کی، بالخصوص مَیں تو اُن کی بے حد لاڈلی تھی۔ 

انہوں نےاُس دَور میں اپنے گھر کی لڑکیوں کو تعلیم دلواکر، انہیں کام کرنے کی آزادی دے کر یہ پیغام عام کیاکہ عورت کا تعلیم یافتہ ہونا نسلوں کی بہتری کا ضامن ہے۔ مَیں فخریہ کہتی ہوں کہ ہمارے خاندان نے اسکردو میں تعلیم کا رواج عام کیا، لڑکیوں کے لیے ملازمت کرنے، آگے بڑھنے کی راہیں ہم وار کیں۔‘‘

یہ خیالات ہیں، گلگت بلتستان میں حقوقِ نسواں کے لیے بھر پور کام کرنے والی، وزیر خاندان کی صاحب زادی، کلثوم فرمان کے، جنہوں نے زندگی کے 27 سال خواتین کی بہبود و ترقّی کے لیے وقف کر دئیے اور اب پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کی پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں ہم نے ایک تفصیلی نشست میں اُن کے اوراقِ زیست پلٹنے کی کوشش کی، جس کی تفصیل نذرِ قارئین ہے۔

س: اپنے خاندان، ابتدائی تعلیم وتربیت کے متعلق تفصیلاً بتائیے، کتنے بہن بھائی ہیں؟ والدین کیا کرتے تھے وغیرہ وغیرہ ۔

ج: میراتعلق اسکردو سے قریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر موجود وادی کھرمنگ کے علاقے ، مہدی آباد سے ہے۔ ہمارا سر نیم ’’وزیر‘‘ ہے۔ میرےدادا، وزیر محمّد صادق کاشمار، جنہوں نے اسکردو میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، علاقے کی نامی گرامی ، معزّز شخصیات میں ہوتا تھا۔وہ ہر دل عزیز سماجی رہ نما تھے۔ میرے والد وزیر علی ، گانجے کے پہلے ڈپٹی کمشنر تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے منسٹری آف کشمیر افیئرز، منسٹری آف فاٹا، فانااورکیبنٹ ڈویژن جیسے اہم محکموں میں کام کیا، جب کہ والدہ گھریلو ، مگر بے حد متحرّک ، فعال اوروضع دار خاتون تھیں۔ 

ہر کسی کے دُکھ، تکلیف میں کام آنا، لوگوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کرنا،جیسےاُن کی گُھٹی میں شامل تھا۔ مجھ میں بھی جو خدمتِ خلق کا جذبہ ہے، وہ والدہ ہی کے سبب پروان چڑھا۔مَیں چھے بہن ،بھائیوں (دو بھائی، چاربہنیں) میں سب سے بڑی ہوں۔ مجھ سےچھوٹا بھائی وزیر شکیل احمد ، سپریم اپلیٹ کورٹ کاجج اور اُس سے چھوٹا بھائی، وزیر غلام رسول، منسٹری آف ورکس میں چیف انجینئر ہے۔ دو بہنیں درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں، تو ایک بہن گھریلو خاتون ہے۔ 

جہاں تک بات ہے، تعلیم کی، تو مَیں میڈیکل کی طالبہ تھی۔ اسکردو سے میٹرک،اسلام آباد گرلز کالج سے ایف ایس سی کیا۔ بعد ازاں، فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں داخلہ ہوگیا، لیکن سچ کہوں تو مَیں ڈاکٹر نہیں بننا چاہتی تھی کہ مَیں بہت حسّاس طبع ہوں ، تو جب مریضوں کو دیکھتی، انسانی اعضاء سے متعلق پڑھتی تو میرا دل عجیب ساہوجاتا ، ساری ساری رات نیند نہیں آتی، بے چینی سی رہتی، بس والدین کی خواہش پوری کرنے کے لیے تعلیم حاصل کر رہی تھی۔

اسمبلی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے
اسمبلی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے

خیر، اسی طرح میڈیکل کالج میں دو سال کا عرصہ گزر گیا۔ یہاں یہ بھی بتاتی چلوں کہ چوں کہ میرے والد سرکاری ملازم تھے، تو آئے دن ان کی پوسٹنگز تبدیل ہوتی رہتی تھیں، لہٰذا ہم دادا کے پاس رہتے کہ ہماری تعلیم کا حرج نہ ہو۔ یعنی ہم سب بہن بھائیوں کی تعلیم و تربیت میں دادا کا زیادہ ہاتھ ہے۔ اورمیرا تو زیادہ تر وقت انہی کے ساتھ، ان کی گود میں کھیلتے، ان سے دنیا داری سیکھتے گزرا۔ بہرحال، جب مَیں میڈیکل سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی، تو اُس زمانے میں دادا کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی اور پھران کا انتقال ہوگیا، جس کا مجھے گہرا صدمہ پہنچا۔ 

آپ یقین کریں کہ مَیں اس قدر تکلیف، دُکھ اور اضطراب میں مبتلا ہوگئی کہ مَیں نے پڑھائی تک چھوڑ دی اور اسکردو سے واپس راول پنڈی نہیں گئی۔ اس طرح تین، چار ماہ گزر گئے، مگر مَیں سنبھل نہیں پا رہی تھی۔ مَیں نے اپنے والدین کو بھی بتادیا کہ یوں بھی میرا شعبۂ طِب میں دھیان نہیں ہےاور اب اتنا طویل وقفہ بھی آگیا ہے، پڑھائی کا خاصا حرج ہو چُکا ہے، تواب مَیں یہ تعلیم جاری نہیں رکھ سکتی۔ اس طرح میڈیکل کالج میں داخلے کے باوجود مَیں ڈاکٹر نہ بن سکی۔

س: بچپن کیسا گزرا؟ نو عُمری کا کوئی ایسا واقعہ، جو ہم سے شیئر کرنا چاہیں؟

ج: آہ…میرا بچپن بہت ہی اچھا، پُرسکون، بے فکر تھا کہ جب ہر دن عید کا لگتا تھا۔ نہ تیز رفتار زندگی تھی، نہ دنیا کے جھمیلے، پریشانیاں، اگر کچھ تھا، تو ہنسی، قہقہے، معصوم شرارتیں، پُرسکون نینداور ہم۔جب ہم چھوٹے تھے، تو ہمارے علاقے کے بہت ہی کم لوگ راول پنڈی/ اسلام آباد آسکتےتھے کہ سڑکیں بنی تھیں، نہ عام فلائٹس ہوتی تھیں۔ ہم جس جہاز سے آتے جاتے تھے، اب تو مجھے اُس کا نام بھی یاد نہیں۔ 

بس میرے داداگھر کا سودا سلف وغیرہ لینے اسلام آباد جاتے،تو داداہم بہن بھائیوں، کزنز وغیرہ کو بھی ساتھ لے جاتے۔ ہمیں خُوب گھماتے پھراتے، ہوٹلز میں ٹھہراتے،شاپنگ کرواتے اور فلمیں وغیرہ دکھاتے تھے۔ اُس زمانے میں ہمیں پنڈی جانے، گھومنے پھرنے کی بے انتہا خوشی ہوتی تھی۔ہم (بہن، بھائیوں/ کزنز)نےوہ وقت خُوب انجوائے کیا۔ پھر عید کے دن بھی کیا ہوتے تھے کہ جب نئے کپڑے ، جوتے پہننے کی خوشی میں تین، تین، چار چار دن پہلے سے نیند اُڑ جاتی تھی۔اللہ کا بہت شُکر ہے کہ اُس نے مجھے ایک بے فکر بچپن سے نوازا، ایک ایسا دَور عطا کیا، جسے یاد کرکے دل آج بھی جھوم اُٹھتا، شاد ہوجاتا ہے۔

س: بچپن میں کیا بننا چاہتی تھیں؟

ج: میرا کوئی خواب نہیں تھا، کیوں کہ سامنے کوئی رول ماڈل ہی نہیں تھا۔ علاقے میں تعلیم کا رواج تھا، نہ کسی پروفیشن کی سمجھ بوجھ۔ڈاکٹر، انجینئر بننے کا خیال کیسے آتا، جب ہمارے سامنے کوئی مثال ہی نہیں تھی۔ ہمارا علاقہ بہت پس ماندہ تھا، آپ یقین کریں، اوّل تو لڑکیاں اسکول ہی نہیں جاتی تھیں اور جو جاتی تھیں، وہ بھی برقعہ پہن کر۔البتہ، یہ ضرور ہے کہ مَیں دادا کو آئیڈیالائز کرتی تھی، ان کی بارعب، مدبّر، نڈر، پُرکشش شخصیت مجھے بے حد پسند تھی ۔مَیں ہمیشہ کہتی کہ ’’دادا بہت اچھے ہیں، سب ان کی عزّت کرتے ہیں، انگریز بھی ان سے ملنے آتے ہیں، وہ کسی سے ڈرتے نہیں، بھلائی کے کام کرتے ہیں، تو مَیں بھی بڑی ہو کر انہی جیسی بنوں گی۔‘‘

س: پہلی نوکری کب اور کس جگہ کی اور کن کن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا؟

ج: ہم چُھٹیوں میں اپنے گھر،اسکردو جاتے تھے، تو جب دادا کے انتقال کے قریباً ایک سال بعد ہم اسکردو گئے، توایک نجی ادارے کے تحت ایک رُورل سپورٹ پروگرام کی بنیاد رکھی جا چُکی تھی اور وہ لوگ ایسی خاتون کی تلاش میں تھے، جو وہاں کام کر سکے۔ میرے والد کے ایک دوست حُسین علی خان بھی اُس پروگرام کا حصّہ تھے، انہوں نے میرے ابّا سے کہا کہ ’’کیا آپ کی بیٹی ہمارے ساتھ کام کرے گی؟‘‘ 

ابّا نے مجھ سے پوچھا ، تو مَیں نے ہامی بھر لی۔ بعد ازاں، میرا انٹرویو ہوا،تو مَیں نے پروگرام کی داغ بیل ڈالنے والے شعیب خان سے پوچھا کہ ’’مجھے کرنا کیا ہوگا؟ ‘‘جس پر انہوں نےجواب دیا ’’یہ تو آپ بتائیں کہ آپ کیسے اس خطّے کی خواتین کے لیے کام کریں گی۔ یہاں کی خواتین کے کیا مسائل، پریشانیاں، تکالیف ہیں، آپ ہمیں بتائیں تاکہ ہم اُنہیں حل کر سکیں‘‘۔ مَیں نے دل میں سوچا، اگر مجھے اس کام میں مزہ آیا، تو جاری رکھوں گی، ورنہ تعلیم مکمل کروں گی۔ 

بعد ازاں، مَیں نے بطور پرائیویٹ اُمیدوار گریجویشن کیا، پھر رُورل پروگرام کی طرف سے ’’انٹرنیشنل رُورل پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ‘‘ میں کینیڈا سے پوسٹ گریجویشن کی۔ علاوہ ازیں، اپنے شوق کے تحت کچھ دن ریڈیو پاکستان، اسکردو میں ’’کہکشاں‘‘ کے نام سے ایک پروگرام بھی کیا، جو بالخصوص فوجی بھائیوں میں بے حد مقبول ہوا۔ اور مجھے بے حد فخر ہے کہ میرے بعد علاقے کی بہت سی لڑکیوں نے ریڈیو پاکستان جوائن کیا۔

س: جب آپ نے کام کا آغاز کیا ،تو سُنا ہے کافی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا، اس کی کیا وجہ تھی، ذرا تفصیلاً بتائیں۔

ج: گرچہ میرا خاندان بہت لبرل سوچ کا حامل ہے، لیکن جب مَیں نے کام کا آغاز کیا، تو اُس وقت گلگت بلتستان میں خواتین کا گھروں سے باہر نکلنا، بالخصوص نوکری کرنا انتہائی معیوب سمجھا جاتا تھا، تو میرے ابّا، بھائیوں، کزنز وغیرہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور کہا کہ ’’تم علاقے کی خواتین کے لیے کام کرنا چاہتی ہو، ضرور کرو، اس ضمن میں ہم سے بھی جو مدد ہو سکی، ہم ضرور کریں گے۔‘‘ خیر، مَیں نے کام کا آغاز کردیا۔

جب مَیں پہلے دن فیلڈ میں گئی اور مَردوں کے ساتھ گاڑی سے اُتری، تو گاؤں والوں کے لیے یہی حیران کُن تھا، بہرحال مَیں نے اُن سے بات کی، اپنا مکمل تعارف کروایا کہ ’’وزیر خاندان کی بیٹی ہوں اور آپ کی خواتین سے مل کر ان کے مسائل جاننا چاہتی ہوں، تاکہ ان کا حل نکالا جا سکے۔‘‘ اُس پر انہوں نے مجھے خواتین سے تو نہیں ملوایا، البتہ خاندان ،دادا اور ابّا کا نام سُن کر وہاں کے مَردوں سے ضرور میٹنگ کروادی۔ بعد ازاں، مَیں نے اُنہیں خواتین سے ملاقات کے لیے بھی قائل کر ہی لیا اور تب جا کر مجھے پتا چلا کہ اُن بے چاریوں کا کوئی ایک مسئلہ نہیں، ہزاروں مسائل ہیں۔ اتنے مسائل کہ مَیں تو اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گئی کہ کہاں سے شروع کروں، پہلے کس مسئلے کے حل کی کوشش کروں۔ 

پھر مَیں نے سوچا کہ اگر سب سے پہلےخواتین کی تعلیم کے حوالے سے کام کیا جائے، تو ان کے حالات میں یقینی طور پر بہتری آئے گی۔اس ضمن میں مَیں نے پورے گلگت بلتستان، اسکردو پر ایک رپورٹ بنا کرجنرل مینیجر کو بھیج دی۔ جس پر وہ خوش تو بہت ہوا اور میرے کام کی تعریف بھی کی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’تعلیم و صحت ہمارے پروگرام میں شامل نہیں، ہمیں ترقیاتی کام کرنے ہیں۔ اس حوالے سے کیا ہوسکتا ہے، وہ دیکھیں۔ ‘‘ اسی دوران انتخابات قریب آگئے۔ میرا بھائی بھی الیکشن میں کھڑا ہوا، تو اس کے مدّ ِ مقابل نےبھائی کے ووٹ کم کرنے کے لیے انتخابی مہم میں مجھے ٹارگٹ کرنا شروع کردیا کہ ’’کیسی عورت ہے، جو مَردوں کے ساتھ اکیلی کام کرتی پھرتی ہے۔‘‘ 

یہاں تک کہ اُس نے ہمارے پورے خاندان کا سوشل بائیکاٹ کروانے کی بھی بھر پور کوشش کی۔ پھر چوں کہ مَیں اُن دِنوں رُورل سپورٹ پروگرام کے تحت حکومت کے ساتھ مل کر علاقے میں فیملی پلاننگ کے حوالے سے شعور اُجاگر کر رہی تھی، تو مجھ پر فتوے بھی لگائے گئے۔ مجھے یہودیوں کی ایجنٹ اور جانے کیا کچھ کہا گیا ، لیکن ہمارے خاندان کو بھی سب لوگ جانتے اور ہماری بہت عزّت کرتے تھے، تو کسی نے بائیکاٹ کیا، نہ چند لوگوں کی باتوں میں آئے، بلکہ میرا بھائی الیکشن جیتنے میں کام یاب بھی ہوا۔ اور مَیں اللہ کا بہت شُکر ادا کرتی ہوں کہ اُس مشکل ترین وقت میں ثابت قدم رہی، تنقید برداشت کی، باتیں سُنیں، لیکن اپنے کام سے پیچھے نہیں ہٹی۔ زندگی میں جو چاہا اور جیسے چاہا، اللہ تعالیٰ نے مجھے عطا کیا۔ 

مجھے اُس ذات پر اتنا بھروسا ہے کہ اب میرے قدم بڑی سے بڑی مشکل میں نہیں ڈگمگاتے۔ یہی دیکھ لیجیے کہ جس رُورل سپورٹ پروگرام سے مَیں نے بطور سوشل آرگنائزر ملازمت کا آغاز کیا تھا،27سال بعد اُسے ریجنل پروگرام مینیجر کے عُہدے پر چھوڑا۔ مجھے یاد ہے، ابتدائی دنوں میں ایک بار ہم مَردوں کا ایک سیشن کروا رہے تھے،تو ایک ایکٹیویٹی کے دوران مَیں نے ایک شخص سے پوچھا ’’اگر آپ کی بیوی گھر کا کام کاج کرنے سے منع کردے، تو آپ کیا کریں گے؟‘‘تو اُس نے جواب دیا تھا، ’’ مَیں اُسے لات مار کر گھر سے نکال دوں گا کہ جس کام کے لیے اُسے لایا ہوں، جب وہی نہیں کرے گی، تو اُس کا فائدہ کیا۔‘‘ تو مَیں نے وہاں موجود تمام مَردوں سے کہا کہ ایک کاغذ پر دو کالمز بنائیں۔ 

ایک کالم میں اپنے دن بھر کے اور دوسرے کالم میں اپنی بیوی کے کام لکھیں اور پھر یہ دیکھ کر وہ شخص خود حیران اور شرمندہ سا ہوگیا کہ وہ صبح سے شام تک صرف 7 اور اُس کی بیوی 24 کام کرتی ہے۔ وہ کہنے لگا ’’مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ میری بیوی دن بھر اتنی محنت کرتی ہے، یہاں سے گھر جاتے ہوئے اس کے لیے ایک جوڑا خریدتا ہوا جاؤں گا۔‘‘ اس طرح ہم نے گلگت بلتستان میں حقوقِ نسواں، خواتین کی تعمیر و ترقّی، فلاح و بہبود کے لیے کام کیا۔ 

حالاں کہ مَیں جس ادارے کے ساتھ کام کرتی تھی، اُس کے پروگرام میں تعلیم و صحت شامل ہی نہیں تھے، صرف رُورل ڈویلپمنٹ کا پروگرام تھا، لیکن ہم نے متعدّد ایسے پروگرامز/سیشنز کروائے جن سے لوگوں میں شعور بیدار ہوا، پہلے سے قائم تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کے داخلوں میں اضافہ ہوا۔ پھر ہم نے علّامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی کے ساتھ مل کر تعلیمِ بالغاں کے پروگرامز کا آغاز کیا۔ یعنی بنیادی طور پر ہم نے نہ صرف اسکردو کی خواتین کے لیے مسلسل آگے بڑھنے کی راہیں ہم وار کیں، بلکہ اُنہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی دیا۔

س: آپ کے خیال میں خواتین کا تعلیم یافتہ ، خود مختار ہونا کتنا ضروری ہے؟

ج: خواتین کا تعلیم یافتہ اور خود مختار ہونا ازحد ضروری ہے۔ ہم نے خواتین کو تنظیم سازی سکھائی، بچت کرنے کے طریقے بتائے اور مختلف فنون، ہنر سیکھنے پر راغب کیا۔ کسی بھی شعبے میں اسکلز کی بہت اہمیت ہے، تو ہم نے ہر شعبے کی خواتین کو ان کی متعلقہ فیلڈ کے حوالے سے تیکنیکی تعلیم دی۔ کھیتوں میں کام کرنے والیوں کوکاشت کاری، کٹائی وغیرہ کے حوالے سے جدید تعلیم دی۔

سلائی کڑھائی کی ماہر خواتین کو ایمبرائڈری کے نِت نئے طریقے سکھائے۔ پھر جب سبزیوں، پھلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوتا چلا گیا، تو خواتین نے شکایت کی کہ ’’اتنی پیداوار ہوجاتی ہے، ہم یہ مال کہاں لے کر جائیں؟ کیسے فروخت کریں‘‘ تو ہم نے حکومت سے بات کرکے ایک مارکیٹ لگوائی، جہاں کاشت کار خواتین سبزیاں اور پھل وغیرہ فروخت کرتی تھیں۔ خواتین کی آمدنی بڑھنے سے متعدد گھروں کے معاشی حالات بہت بہتر ہوئے، لائف اسٹائل میں بہتری آئی۔خواتین کمانے لگیں، تو ان میں خود اعتمادی پیدا ہوئی، حوصلے بلند ہوئے، گھر چلانے میں شوہروں کا ہاتھ بٹانے لگیں۔

یاد رکھیں، پیسا کم ہو یا زیادہ، بہرحال طاقت کی علامت ہے، تو جب خواتین خود کمانے لگیں، تو با اختیار بھی ہو ئیں اور ان کی عزّت میں بھی اضافہ ہوااور اب حالات یہ ہیں کہ وہاں خواتین کے قریباً 12، 14بازار لگتے ہیں اور ایسا کوئی شعبہ نہیں، جہاں ہمارے علاقے کی خواتین اپنی قابلیت کا لوہا نہیں منوارہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے کہ جو بیج مَیں نےبویا تھا، وہ آج ایک تنا ور درخت بن کر خُوب پھل دے رہا ہے۔

س: سیاست کا آغاز کب اور کیسے کیا؟

ج: 2015ء میں عمران خان اور ریہام خان گلگت آئے تھے، مَیں بھی اس پروگرام میں شریک تھی، تو نہ جانے کیوں بس یک دَم ہی خیال آیا اور پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ حالاں کہ میرا پورا خاندان ابتدا ہی سے پاکستان پیپلز پارٹی میں ہے۔ بس، مَیں نے عمران خان کی تقاریرسُن کر، نظریات سے متاثر ہوکر پی ٹی آئی جوائن کرلی اور پھر مجھے گلگت بلتستان کی ویمن وِنگ کا صدر بنادیا گیا۔

بعد ازاں، 2018ء کے انتخابات میں مجھے گلگت بلتستان اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست دی گئی، کیوں کہ مَیں نے اسکردو میں پی ٹی آئی کے اُمیدوار کے لیے بہت کام کیا تھا۔ وزیر بننے کے بعد مجھے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت بنا دیا گیا۔ مَیں اکثر سوچتی ہوں کہ والدین کی خواہش تھی کہ مَیں ڈاکٹر بنوں، جو پوری نہ ہو سکی، لیکن آج مَیں شعبۂ صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ہوں، تو یہ سب قسمت کے کھیل ہیں کہ اللہ تعالیٰ انسان سے کیسے کام لیتا ہے۔ اگر آج میرے والدین زندہ ہوتے تو دیکھتے کہ ان کی بیٹی ڈاکٹر تو نہیں بن سکی، لیکن جو شعبہ انہیں پسند تھا، اسی سے منسلک ، اُس کے کرتا دھرتاؤں میں شامل ہے۔

س: فی الوقت گلگت بلتستان کی خواتین کے اہم مسائل کون سے ہیں؟

ج: ابھی یہاں کالجز کی کمی ہے۔ آج بھی کئی بچیوں کو تعلیم کے لیے سندھ یا پنجاب کا رُخ کرنا پڑتا ہے، جہاں ہاسٹلز کےالگ مسائل ہوتے ہیں۔ تو یہاں بھی بڑے بڑے تعلیمی ادارے کُھلنے چاہئیں اور اب وقت آگیا ہے کہ گلگت بلتستان میں بھی میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز کا قیام ممکن بنایا جائے۔

س: سُنا ہے، آپ کو نوبیل انعام کے لیے بھی نام زد کیا گیا تھا، تو کیا واقعی ایسا ہی ہے؟

ج: 2005ء میں سوئس حکومت نے ایک پروگرام کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے پوری دنیا سےایسی ایک ہزار خواتین کا انتخاب کیا، جنہوں نے غربت کے خاتمے، امن، حقوقِ نسواں کے لیے کام کیا ، تو انہوں نے پاکستان کے دیگر اداروں کے ساتھ ہمارے ادارے سے بھی رابطہ کیا، جس پر ادارے نے میرا نام بھیجا۔یعنی مَیں دنیا بھر کی اُن ایک ہزار اور پاکستان کی 29خواتین (عاصمہ جہانگیر،حنا جیلانی، بلقیس ایدھی، انیس ہارون،شیما کرمانی وغیرہ)میں سے ایک ہوں، جنہیں نوبیل لاریئٹ(Nobel Laureate) کا خطاب ملا اور اسی حوالے سے ہماری کتاب بھی شایع ہوئی ہے۔

س: گلگت بلتستان کی معاشرت میں کون سی تبدیلیاں فی الفور نافذ العمل دیکھنا چاہتی ہیں؟

ج: سُنا ہے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا جا رہا ہے، اگر ایسا ہوگیا، تو یہاں کے عوام کے لیے اس سے زیادہ خوش آئند بات اور کوئی نہ ہوگی کہ ہمیں بھی این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگرصوبوں کی طرح مراعات ملیں گی۔ ہمارا اپنا وزیرِ اعلیٰ، گورنر وغیرہ ہوگا۔ بس میری شدید خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کو جلد از جلد صوبےکا درجہ دے دیا جائے۔

س: ’’زندگی ‘‘کو اگر کچھ سطروں میں بیان کرنے کو کہا جائے ، تو کیسے بیان کریں گی؟

ج: زندگی ، اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک نعمت ، ایک تحفہ ہے، جس کا ایک ایک لمحہ کوئی نہ کوئی اچھا کام کرکے ہی گزارنا چاہیے۔ جیسا کہ مَیں نے اپنی پوری جوانی، بھر پور محنت و لگن سےخواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا اور یہی وجہ تھی کہ ادارہ چھوڑتے ہوئے مجھے افسوس نہیں ہوا، بلکہ مَیں بے حد خوش اور مطمئن تھی کہ مَیں اپنے مقصد میں کام یاب رہی، آج میرے علاقے کی ہزاروں، لاکھوں خواتین اپنے پَیروں پر کھڑی ہیں، کام کر رہی ہیں اور علاقے کی معیشت مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

س: پاکستان کی خواتین کو کیا پیغام دینا چاہیں گی؟

ج: زندگی کسی کی بھی آسان نہیں ہوتی، پریشانیاں ہرایک کی زندگی میں آتی ہیں، مگر کام یاب وہی لوگ ہوتے ہیں، جو ان کا ڈَٹ کر مقابلہ کریں۔ مَیں بھی کوئی دنیا کی خوش حال ترین عورت نہیں ہوں، لیکن مَیں پریشانیوں کو کبھی خود پر حاوی نہیں ہونے دیتی۔ لہٰذا خواہ کچھ بھی ہوجائے، حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں، کبھی ہار نہ مانیں۔

سنڈے میگزین سے مزید