تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے 2 ارکان پنجاب اسمبلی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آ ملے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے 2 اہم رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔
عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں ترین گروپ کے فیصل حیات جبوانہ اور مہر اسلم بھروانہ شامل ہیں۔
دونوں ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، سازشی عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عدم اعتماد کی تحریک میں عبرتناک شکست ہوگی، اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
چند روز قبل وزیر دفاع پرویز خٹک نے ترین گروپ سے رابطہ کیا تھا اور پنجاب میں سیاسی تبدیلی کی صورت میں تجاویز مانگی تھیں۔
اس کے بعد ترین گروپ کا اہم اجلاس عون چوہدری کی رہائشگاہ پر ہوا تھا، جس کے بعد نعمان لنگڑیال نے میڈیا کو بریفنگ دی اور کہا تھا کہ وفاق نے رابطہ ضرور کیا ہے مگر بات مائنس عثمان بزدار پر ہی ہوگی۔